الیکشن 2018،مذہبی جماعتوں کی تعداد میں اضافہ، ووٹوں کے تناسب میں کمی ہوئی

الیکشن 2018،مذہبی جماعتوں کی تعداد میں اضافہ، ووٹوں کے تناسب میں کمی ہوئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان کی 12 مذہبی جماعتوں نے 25 جولائی کو ہونیوالے عام انتخابات میں حصہ لیا،ان جماعتوں نے قومی اسمبلی کیلئے مجموعی طور پر 52 لاکھ 3 ہزار 2 سو 85 ووٹ حاصل کیے جو مجموعی ووٹوں کا 9.58 فیصد ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق مذہبی جماعتوں کے اضافے کے باوجود ان کے ووٹوں کے تناسب میں کمی واقع ہوئی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری عبوری تنائج کے مطا بق مذہبی جماعتوں نے سب سے زیادہ پنجاب میں ووٹ حاصل کیے جن کی تعداد 27 لاکھ 4 ہزار 8 سو 56 ہے لیکن یہ صوبے میں کاسٹ ہو نیوالے و وٹوں کی تعداد کا صرف 7.98 فیصد ہے جو دیگر تمام صوبوں کے تناسب کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔پنجاب کے مقابلے میں مذہبی جما عتوں کی کارکردگی سندھ میں بہتر رہی جہاں انہوں نے 11 لاکھ 16 ہزار 6 سو 44 ووٹ حاصل کیے لیکن یہ صوبے کے مجموعی ووٹوں کا 10.57 فیصد تھا۔مذہبی جماعتوں نے خیبرپختونخوا میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں انہوں نے صوبے کے مجموعی ووٹوں کے 18.84 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ بلوچستان میں بھی صورتحال اسی طرح کی رہی جہاں مذہبی جماعتوں نے 16.78 فیصد ووٹ حاصل کیے۔حالیہ انتخابات میں سے 5 مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل نے 25 لاکھ ووٹ حاصل کیے اور پورے ملک سے 12 نشستیں حاصل کیں جبکہ 2002 ء میں قائم ہونیوالے اس اتحاد نے پورے ملک سے 35 لاکھ ووٹ حاصل کیے تھے اور اس کی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 31 تھی۔2008ء میں جماعت اسلامی کے الیکشن میں بائیکاٹ کے بعد اس اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں نے علیحدہ علیحدہ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا، جہاں جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 2013 میں 7 لاکھ 60 ہزار ووٹ حاصل کیے اور جماعت اسلامی نے ان انتخابات میں 9 لاکھ 60 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔اسی طرح جمعیت علمائے اسلام نظریاتی، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی)، مجلس وحد ت المسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے ووٹوں میں 2013 کے مقابلے میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔رپورٹ کے مطابق ایک نئی مذہبی جماعت تحر یک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پاکستان میں ووٹوں کے اعتبار سے 5 ویں بڑی جماعت بن کر ابھری اور اس نے ملک بھر سے 22 لاکھ 34 ہزار ایک سو 38 ووٹ حاصل کیے جو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں کے ووٹ سے زیادہ ہیں۔
مذہبی جماعتیں ووٹ

مزید :

صفحہ آخر -