محب وطن قیادت ہی ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہے، حافظ سعید
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)امیرجماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت مختلف اندرونی و بیرونی چیلنجز درپیش ہیں۔ محب وطن قیادت ہی ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہے۔فرقہ واریت اور پارٹی بازی نے ملک کو شدید نقصانات سے دوچار کیا ہے۔ بیرونی قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انتشار و افتراق کی فضا پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔ملی مسلم لیگ پاکستان میں نظریہ پاکستان اور خدمت انسانیت کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔وہ ملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام جامع مسجد حیات الاسلام حافظ آباد میں کارکنان کی نشست اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ خدمت انسانیت اور مضبوط پاکستان ہماری سیاست کا بنیادی ایجنڈا ہے۔اسلام دشمن قوتیں ملک میں فرقہ واریت، لسانیت و صوبائیت پرستی پھیلانا اور وطن عزیز کونقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ ہم نے پاکستان میں دفاع کی بنیاد پر اتحاد ویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا اور بیرونی قوتوں کی مداخلت کے راستے بند کرنے ہیں۔ہم استحکام پاکستان کو اولیت دیتے ہیں۔قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں کلمہ طیبہ کی بنیاد پرمسلمان متحد ہوئے اور یہ ملک معرض وجود میں آیا اسی کلمہ کی بنیاد پرہی اب بھی مسلمان متحد و منظم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کئے گئے اس ملک کو مدینے والا پاکستان بنانا چاہتے ہیں ۔ ملی مسلم لیگ عوام میں شعور بیدار کرکے اس مملکت خداداد کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی زبردست تحریک کھڑی کرے گی۔
حافظ سعید