پولیو وائرس کیخلاف کامیابی زیادہ دور نہیں ،فخر زمان

پولیو وائرس کیخلاف کامیابی زیادہ دور نہیں ،فخر زمان

  



مردان(بیورورپورٹ)سٹار کرکٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کے خلاف کامیابی زیادہ دور نہیں بس ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ اپنے نئی نسل کو اس بیماری سے بچانے کے لیے پولیو کے خلاف قومی مہم کو کامیاب بنائیں گے اور اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں گے ۔وہ ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود کے ہمراہ 6 اگست سے شروع ہونے والے پولیو کے خلاف قومی مہم کو کامیاب بنانے کے حوالے سے آگہی مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عمران خان ، محکمہ صحت ، عالمی ادارہ صحت ، انتظامیہ اور دیگر محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے ،فخر زمان نے اس موقع پر کئی بچوں کو ویکسین کے قطرے پلاکر مہم کا باضابطہ افتتاح بھی کیا ۔ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود نے کہا کہ فخر زمان نہ صرف مردان اور خیبر پختونخوابلکہ پورے ملک کے لیے قابل فخر ہیں جنہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کو سہارا دیا اور کئی عالمی ریکارڈ قائم کیے ۔اُنہوں نے صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری کی جانب سے آج کی تقریب میں شرکت پر فخر زمان کا شکریہ ادا کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قومی ہیرو کی اس مہم میں شرکت سے پولیوکے خلاف اس جنگ کو تقویت ملے گی ،اُنہوں نے کہا کہ6 اگست سے شروع ہونے والے پولیو کے خلاف قومی مہم کے دوران ضلع مردان میں 405554 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔فخر زمان نے کہا کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ اپنے بچے کو ویکسین کے قطرے پلاتے ہیں کیونکہ وہ اپنے بچے کی بہتر صحت کا خواہاں ہیں ،فخر زمان نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے صوبے میں پولیو ویکسین کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کیے جاتے ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں ،عوام ان پروپیگنڈوں میں نہ آئیں اور پولیو مہم کے دوران ہر بچے کو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ہم اپنی نئی نسل کو ایک صحت مند اور روشن مستقبل دے سکیں ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...