متحدہ رہنماؤں کیخلاف مقدمات دوبارہ کھولنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر
کراچی (این این آئی)ایم کیوایم رہنماوں کے خلاف این آر او کے تحت ختم کیے 7793 مقدمات دوبارہ کھولنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔درخواست گزار اقبال کاظمی کا کہنا تھا کہ این آر او کے تحت درج مقدمات ختم کر کے ایم کیوایم کے 8041 خطرناک ملزمان کو فائدہ پہنچا یاگیا۔درخواست گزارکاکہنا ہے کہ این آر او کے تحت متحدہ بانی کے خلاف 31 قتل، 11 اغوا، 72 لاوڈ اسپیکر ایکٹ سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات ختم کیے گئے،جبکہ سابق گورنر عشرت العباد، ڈاکٹر فاروق ستار، وسیم اختر، بابر غوری سمیت دیگر کے خلاف مقدمات بھی ختم کیے گئے ہیں۔سپریم کورٹ نے 2009 میں این آر او کو کالعدم قرار دیا تھا، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود متحدہ رہنماوں کے خلاف مقدمات کی کارروائی شروع نہیں کی گئی۔درخواست گزار نے کہا کہ فاروق ستار، وسیم اختر اور دیگر کا ملک سے فرار ہونے کا خدشہ ہے، ایم کیوایم رہنماوں کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بابر غوری سمیت دیگر کو انٹر پول کے زریعے واپس لایا جائے۔واضح رہے کہ درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت ،آئی جی سندھ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست دائر