نتائج مسترد،دوبارہ الیکشن کرائے جائیں ،جلال محمود شاہ

نتائج مسترد،دوبارہ الیکشن کرائے جائیں ،جلال محمود شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ نے سندھ کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا ہے اورکہاہے کہ وفاقی حکومت میں حکمرانی کے لئے ایک پارٹی کو فائدہ دینے کی خاطر سندھ کے مینڈیٹ کو چوری کر کے پیپلز پارٹی کو پلیٹ میں پیش کیا گیا، جس کا براہ راست فائدہ وفاق میں عمران خان اور سندھ میں آصف زرداری کوملے گا۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں آر اوز، اے آر اوز اور پریذائیڈنگ افسران کے ذریعے انتخابات کو یرغمال بنا کر پیپلز پارٹی کو چرایا ہوا مینڈیٹ دیا گیا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو حیدر منزل کراچی پر پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید زین شاہ، پیر خلیل جان سرہندی، روشن علی برڑو، ادریس چانڈیو، ڈاکٹر مشتاق شیخ، امیر علی تھیبو، سید غلام شاہ، میر مولا بخش لغاری، جگدیش آھوجا، منیر نائچ، محبوب عباسی، فلک شیر اوڈ، منظور میمن، عبدالکریم چانڈیو بھی موجود تھے۔اجلاس میں 2018 کے عام انتخابات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعدانتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ حالیہ الیکشن مائیکرو منیجڈ (Micro Managed) تھے جس کا براہ راست فائدہ وفاق میں عمران خان اور سندھ میں آصف زرداری کو دیا گیا۔سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی کے نتیجے میں 80 فیصد عوام نے کھل کر اپنے ردعمل کا اظہار کیا، ہمارے مینڈیٹ کو رشوت، سرکاری دبا اور خوف کے ذریعے چوری کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ہم انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔سید جلال محمود شاہ کا کہنا تھا حالیہ انتخابات میں واضح ہوگیا کہ جوڈیشری الیکشن کے معاملات میں کرپشن کی نظر ہوتی جارہی ہے۔ اگر رشورت کی اس ریس میں آر اوز، اے آر اوز اور ڈی آر اوز اسی طرح آگے بڑھتے گئے تو مستقبل کے انتخابات کسی بھی طرح سے شفاف نہیں ہو سکیں گی اور عوام کا جمہوری عمل سے اعتبار مکمل طور پر اٹھ جائے گا، جس کے نتیجے میں ملک کے اندر خطرناک قسم کی انارکی پیدا ہو سکتی ہے اور مختلف اداروں کا آپس میں ٹکرا بھی ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ25 جولائی سے پہلے پوسٹل بیلٹ کی دھاندلی میں سرکاری کارندوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا گیا، جس کے پیچھے آر او سیہون ملوث پایا گیا۔