عوامی خدمت اور راچی کے حقوق کی آواز اٹھاتے رہیں گے :حافظ نعیم الرحمٰن

عوامی خدمت اور راچی کے حقوق کی آواز اٹھاتے رہیں گے :حافظ نعیم الرحمٰن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اقامت دین کی جدوجہد ، عوامی خدمت اور کراچی کے حقوق کی آواز اٹھاتے رہیں گے ،عجیب الیکشن سے جیتنے والوں کو بھی یقین نہیں کہ کیسے جیت گئے، حقائق سے عوام کو آگاہ کریں گے ، جو بھی حکومت بنے اسے منشور کے مطابق کام کرنا چاہیئے ، انتخابات میں بھرپور مہم چلانے پر خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،عوام نے قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیا اور ووٹ دیے لیکن فارم 45اور 46کی عدم فراہمی ، پولنگ ایجنٹوں کو باہرنکال کر عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا اورپورے الیکشن کے عمل کو مشکوک بنادیا گیا ایسے حلقہ جات جہاں ہمارے جیتنے کے امکانات تھے ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو گنتی کے دوران باہر نکال دیا گیا ،وہاں کے رزلٹ تبدیل کردیے گئے اور ہمیں ہرادیا گیا یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہوا اور اس بار تو جیتنے والے اور ہارنے والے دونوں ہی دھاندلی کا الزام لگارہے ہیں ملک بھر میں الیکشن کی شفافیت پر سوالا ت اٹھائے گئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت ’’اجتماع ارکان ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے ناظمہ صوبہ سندھ عطیہ نثار، ناظمہ حلقہ کراچی اسماء سفیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اجتماع میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔حافظ نعیم الرحمن نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ ہماری جدوجہد صرف انتخابات کی کامیابی کے لیے نہیں بلکہ دعوت دین کی جدوجہد ہے ، ہمیں دعوت کو وسیع کر کے اسلامی تحریک کو مضبوط کرنا ہے ،جہاں ہمارے ووٹر کم تھے وہاں ووٹر وں کی تعدادمیں اضافہ ہوا ہے ، نچلی سطح پر لیڈر شپ تیا ر کرکے خدمت خلق کے کام کو آگے بڑھانا ہے ،ہم صرف ووٹ کے لیے نہیں بلکہ خدمت خلق کے لیے کام کرتے ہیں،ہمارا بنیادی ہدف اللہ کی رضا ہے ،ہمیں اپنے حصے کا کام کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ کارکنان ،امیدواران اور ووٹر ز نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا ،ہماری الیکشن مہم دیگر جماعتوں سے زیادہ اچھی تھی ،لیاری میں جیت ہماری کامیا ب مہم کے باعث ہوئی ، الیکشن مہم کے دورا ن عوام نے ہمارے کاموں اور جدوجہد کو سراہا ،دینی جماعتوں کا اتحاد محض الیکشن کے لیے نہیں بلکہ امریکا ، اسرائیل اور بھارت کے خلاف بنا یا گیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں جو ووٹ ملے ہیں انہیں اپنی دعوت اور جدوجہد میں اپنے ساتھ ملائیں گے، عوام نے الیکشن میں بڑی تعداد میں ایم ایم اے کا ساتھ دیاہے۔دعوت کا میدان کھلا ہے ،اجتماعیت کے اندر یکجائی اور یگانگت اور تعلق باللہ کو مضبوط کر کے آگے بڑھیں گے ، ہم محض دعوت پر یقین رکھتے ہیں اور یہی ہمارا مشن ہے ، ہم نے گراس روٹ لیول پر کام کیا ہے جس کے نتیجے میں عوام میں پذیرائی بھی حاصل ہوئی ، ہمیں ماضی میں نہیں رہنا بلکہ آگے بڑھنا ہے ، جلدرابطہ عوام مہم چلائی جائے گی جس میں پورے اعتماد کے ساتھ عوام سے دوبارہ رابطہ کرنا ہے،عوام کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے اور ایک نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہاکہ مصر میں 50سال کے عرصے کی جدوجہد اورجیلوں کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد اخوان المسلمون نے بڑی تعداد میں مینڈیٹ حاصل کیا وہ عوام الناس میں اثر رکھتے ہیں لیکن آج جیلوں میں صعوبتیں برداشت کررہے ہیں اور جیلوں سے ہی عوام کے دلوں میں اثر کررہے ہیں اور چند عرصے بعد اخوان المسلمون کی تحریک اٹھے گی اور پھر سے ان کی حکومت ہوگی کیونکہ انہوں نے عزم و ہمت اور صبر کے دامن کو نہیں چھوڑا وہ مستقل جدوجہد اور دین کی دعوت دے رہے ہیں۔عطیہ نثار نے کہاکہ حق اور باطل کے معرکہ کے موقع پر قرآن نے ہمیشہ مخلصین کو اپنی کوتاہیوں پر نظر ڈالنے کی تاکید کی ہے یہی عمل ہمیں بھی کرنا ہے ،معرکے کے دوران ہمیں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن خواتین ہمت کے ساتھ کھڑی رہیں اور اپنے قدم متزلزل نہیں ہونے دیے اس کے لیے آپ مبارکباد کی مستحق ہیں۔