بارسلونامیں پاکستانی کی ایمانداری، 50 لاکھ روپے واپس لوٹا کر ہموطنوں کے سر فخر سے بلند کر دیئے  

بارسلونامیں پاکستانی کی ایمانداری، 50 لاکھ روپے واپس لوٹا کر ہموطنوں کے سر ...
بارسلونامیں پاکستانی کی ایمانداری، 50 لاکھ روپے واپس لوٹا کر ہموطنوں کے سر فخر سے بلند کر دیئے  

  



بارسلونا(غفور احمد قریشی ) معروف پاکستانی  کاروباری شخصیت خرم شہزاد  نے 35000 یوروز جو تقریبا 50 لاکھ روپے بنتے ہیں واپس لوٹا کر اپنا اور پاکستان کا سر  فخر سے بلند کر دیا، تفصیلات کے مطابق خرم شہزاد اپنے بنک سانت انتونی برانچ  بارسلونا سنٹر میں گئے اور بنک سے رقم نکلوائی مگر کیشیئر نے غلطی سے مطلوبہ رقم سے 35000 یوروز زیادہ بیگ میں ڈال دیئے ، خرم شہزاد نے اپنے آفس آ کر جب پیسے گنے تو اتنی زیادہ رقم دیکھ کر حیران ہو گئے،فوری طور پر بیگ پکڑا اور واپس بنک چلے گئے۔ بنک والوں‌کو جب بتایا کہ آپ نے غلطی سے مجھے بہت زیادہ رقم دے دی ہے تو بنک کا سارا سٹاف اکھٹا ہو گیا اور ان کا شکریہ ادا کرنے لگا۔

خرم شہزاد نے رقم واپس کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ والی کوئی بات نہیں ،یہ تو میرا دینی و اخلاقی فرض تھا  تاہم اس موقع پر بنک سٹاف نے ان کے ساتھ فوٹوز بنوائیں اور انہیں چند تحائف دئیے۔

واقعہ کے بعد جب روزنامہ پاکستان کے نمائیندے نے انہیں فون کیا اور پوچھا کہ اتنی بڑی رقم دیکھ کر آپ کا دل نہیں للچایا تو انہوں نے کہا جناب پیسے لینے کو کس کا دل نہیں کرتا  ،میں بھی پیسے لینا چاہتا ہوں مگر محنت اور حلال کی کمائی   چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج میرا دل اس وقت پھولے نہیں سما رہا تھا جب بنک والے بار بار کہہ رہے تھے کہ یہ پاکستانی بڑے محنتی  اور ایماندار ہوتے ہیں ۔

مزید : بین الاقوامی /تارکین پاکستان