تحریک انصاف کا حلف برداری کی تقریب میں عمران خان کے چند دوستوں کے علاوہ بیرون ملک سے کسی کو بھی مدعو نہ کرنے کا اعلان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری میں عمران خان کے چند ذاتی دوستوں کو شرکت کے لئے مدعو کیا جائے گا، ان کے علاوہ بیرون ملک سے کسی کو بھی بیرونی شخصیت کو دعوت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے نئے وزیراعظم کے لئے تقریب حلف برداری میں کسی بھی غیرملکی شخصیت کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تقریب حلف برداری مکمل طور پر ایک قومی تقریب ہوگی، چیرمین تحریک انصاف نے تقریب نہایت سادگی سے کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تقریب سے کسی قسم کے تعیش یا تکلف کا اظہار نہ کیا جائے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف ایوان صدر میں سادگی سے منعقد ہونے والی تقریب میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے، تقریبِ حلف برداری میں عمران خان کے چند ذاتی دوستوں کو بیرون ملک سے تقریب میں شرکت کے لئے مدعو کیا جائے گا، ان کے علاوہ بیرون ملک سے کسی کو بھی بیرونی شخصیت کو دعوت نہیں دی جائے گی۔