تحریک انصاف کے امیدوار شاہ فرمان ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر ہار گئے لیکن اب وہ صوبائی اسمبلی میں کیسے بیٹھیں گے ؟مخالفین کے لیے حیران کن خبر آگئی
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پشاور کے حلقہ پی کے 70 میں بازی پلٹ گئی ہے ، ابتدائی نتائج میں جیتنے والے پی ٹی آئی کے شاہ فرمان کو دوبارہ گنتی کے عمل میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار خوشدل خان نے شکست دیدی ہے۔خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 70 میں دوبارہ گنتی پر اے این پی کے خوشدل خان 187 ووٹوں کی برتری کے ساتھ کامیاب ہوگئے، جبکہ پی ٹی آئی کے شاہ فرمان ہار گئے، تاہم وہ پی کے 71 کی نشست کے باعث اسمبلی کا حصہ رہیں گے۔عام انتخابات میں حلقے پی کے 70 پشاور 5 سے تحریک انصاف کے امیداور شاہ فرمان نے 15 ہزار 404 ووٹ لیے تھے اور ان کے مدمقابل اے این پی کے خوشدل خان کے حصے میں 15 ہزار 357 ووٹ آئے تھے اور اس طرح شاہ فرمان 47 ووٹوں سے کامیاب قرار دیئے گئے تھے۔
اس نتیجے کے بعد اے این پی کے خوشدل خان نے حلقے میں دوبارہ گنتی کی درخواست کی جس پر ریٹرننگ افسر نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جس میں خوشدل خان اپنے حریف شاہ فرمان پر سبقت لے گئے۔واضح رہے کہ شاہ فرمان ایک اور صوبائی نشست پی کے 71 سے بھی کامیاب ہوئے ہیں، اس طرح وہ کے پی کے اسمبلی کے رکن ہوں گے۔