”شیخ صاحب!!! آپ کی جو شخصیت ہے کم از کم یہ عہدہ ملنا چاہئے“ کامران شاہد نے ایسی تجویز دیدی کہ عمران خان شیخ رشید سے نظریں چرانے لگیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وفاق میں حکومت سازی کیلئے تیار ہے اور جلد ہی عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے لیکن اس وقت سب کی نظریں شیخ رشید پر ہیں کہ وہ کس حیثیت سے حکومت میں بیٹھیں گے اور انہیں کون سی وزارت دی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ شیخ رشید غریب آدمی کی خوفناک، خطرناک اور طاقت ور آواز ہے۔ میں 8مرتبہ وزیر رہ چکا ہوں اور اپنی توہین سمجھتا ہوں کہ کسی سے وزارت مانگوں۔ دنیا میں کوئی ایسا سیاستدان نہیں ہے جو 8 مرتبہ وزیر رہا ہوں اور میں صرف اسی لئے عمران خان سے ملاقات کیلئے نہیں جا رہا کہ لوگ کہیں گے کہ وزارت مانگنے جا رہا ہوں۔
میرا پراجیکٹ مکمل ہو گیا اور میں نے اپنا ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے۔ میرا قوم سے وعدہ تھا کہ چور کٹہرے میں کھڑے ہوں گے اور عمران وزیراعظم بنیں گے۔ وزارت میں میری دلچسپی ہے اور نہ ہی مجھے کوئی شوق ہے البتہ پاکستان کے عام عوام کی خدمت کیلئے کہیں بھی جانا پڑا تو میں تیار ہوں۔
پروگرام کے میزبان کامران شاہد نے کہا کہ جیسی آپ کی شخصیت ہے میرے نزدیک آپ کو کم از کم ڈپٹی وزیراعظم یا وزیر داخلہ ہونا چاہئے کیونکہ آپ اسٹیبلشمنٹ کیساتھ تعلقات بھی اچھے رکھیں گے اور باقی معاملات بھی دیکھیں گے۔ اس پر شیخ رشید نے کہا کہ میں اگر وزارت داخلہ میں ہوا تو لمبا لتر لگا کر ملک میں جتنے جواری، منشیات فروش، اور بکئے ہیں جن کے پیچھے سیاستدان ہیں، آئین اور قانون کے تحت جیلوں میں بھر دوں گا۔