لاہور پانی پانی، واسا کا عملہ بھی غائب، کئی جگہ پر آلائشیں بھی موجود، 130 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے 

لاہور پانی پانی، واسا کا عملہ بھی غائب، کئی جگہ پر آلائشیں بھی موجود، 130 سے ...
لاہور پانی پانی، واسا کا عملہ بھی غائب، کئی جگہ پر آلائشیں بھی موجود، 130 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں کالی گھٹائیں امڈ پڑیں جس کے بعد موسلادھار بارش سے موسم سہانا ہو گیا، لاہور کے نشیبی علاقوں کے علاوہ کئی مین شاہراہوں پر بھی پانی جمع ہوگیا جبکہ واسا کا عملہ بھی کہیں دکھائی نہیں دیا، عید کا دوسرا روز ہے اور آلائشیں بھی کئی جگہ سے نہیں اٹھائی جاسکیں، فیروز پور روڈ پر کلمہ چوک سے پہلے بھی سڑک کے بیچوں بیچ آلائشیں دکھائی دیں، بارش کی وجہ سے لیسکو کے دعووں کی بھی قلعی کھل گئی اور 130 سے ز ائد فیڈر ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق عید قرباں کے دوسرے دن ٹھنڈا ٹھار ہو گیا، گھنگھور گھٹائیں جم کر برسیں جس سے گرمی اڑن چھو ہو گئی۔ ٹھنڈی ہواؤں اور سرمئی بادلوں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ سڑکوں پر لگے دو رویہ درختوں پر جھولتے پات دلکش منظر پیش کرنے لگے۔ ٹہنیوں پر گنگناتے رنگ برنگ پھول، باغوں میں بچھے سبز قالین اور ہر منظر نکھرا نکھرا، آسمان سے گرتی پانی کی بوندوں سے گرمی اڑن چھو ہو گئی۔ لاہور کے علاقوں شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، کینال روڈ، تاج پورہ، فتح گڑھ، ہربنس پورہ کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے مین شاہراہوں سمیت کئی علاقے زیر آب آگئے، جمع ہونیوالے پانی کو نکالنے کے لیے کسی بھی جگہ پر واسا کی ٹیمیں یا گاڑیاں بھی موجود نہ تھیں ۔ 

محکمہ موسمیات نے لاہور کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آبادا ور جھنگ میں بھی تیز بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی پیش گوئی ہے۔ادھر مختلف علاقوں میں بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام متاثر، 130 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، عید کے موقع پر بجلی جانے سے شہریوں کو پریشانی اٹھانا پڑی۔ واپڈا ٹاؤن، نشیمن اقبال، حمزہ ٹاون، جوہر ٹاون، کوٹ لکھپت میں بجلی بند ہو گئی۔ چونگی امرسدھو،نشتر کالونی، ایگریک ٹاون، علی پارک، بیگم کوٹ کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہو گئے۔

دنیا نیوز کے مطابق کوٹ محمدی، بلال گنج، آر اے بازار، نشاط کالونی، گلشن راوی میں بھی بارش ہوتے ہی بجلی غائب ہو گئی۔ نواں کوٹ، بند روڈ کے متعدد علاقے بھی بجلی سے محروم نظر آئے۔ عید کے موقع پر بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔عید کے دوسرے روز سنت ابراہیمی کی پیروی میں مسلمان جانور قربان کررہے ہیں اور ان کی آلائشیں بھی کئی جگہوں پر بکھری دکھائی دیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ماضی میں قربانی کی آلائشیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے شہریوں کو بڑے پلاسٹک بیگ فراہم کیے جاتے تھے اور پھر ٹیمیں گھر گھر یا محلوں میں گشت کرتیں اور آلائشیں اکٹھی کرکے ٹھکانے لگائی جاتی تھیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -