عید الاضحیٰ کا دوسرا روز،قربانی کاسلسلہ جاری،آلائشیں اٹھانے والے 'لاپتہ'

عید الاضحیٰ کا دوسرا روز،قربانی کاسلسلہ جاری،آلائشیں اٹھانے والے 'لاپتہ'
عید الاضحیٰ کا دوسرا روز،قربانی کاسلسلہ جاری،آلائشیں اٹھانے والے 'لاپتہ'

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا آج دوسرا روز ہے اور مختلف علاقوں میں سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے مگر آلائشیں اٹھانےو الے لاپتہ ہیں۔

آج بھی لوگوں کی بڑی تعداد سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دے رہی ہے تاہم اس موقع پر شہری انتظامیہ کی جانب سے آلائشیں اٹھانے میں انتہائی سستی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، سکھر، بنوں سمیت ملک کے بڑے شہروں میں مختلف مقامات پر قربانی کے بعد آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے۔

گزشتہ روز کی آلائشیں تاحال نہیں اٹھائی گئی ہیں ، لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش بھی ہوئی ہے جس کی وجہ سے گندگی اور آلائشوں کے ڈھیروں سے تعفن  اٹھنے لگا ہے۔

جنگ نیوز کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مطابق کراچی میں عید کے پہلے روز 8 ہزار 933 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں اور دیگر علاقوں سے آلائشیں اٹھانے کا کام مسلسل جاری ہے۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ شہر میں عید کے پہلے روز 13 ہزار 500 ٹن سے زائد آلائشیں اکٹھی کی گئیں اور ویسٹ بیگز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی گئی۔

اسلام آباد میں آلائشوں کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا کام روز کی بنیاد پر جاری ہے، عیدِ قربان کے پہلے روز 54 ہزار آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔

واضح رہے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر پاکستان بھر میں احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔ اس بار عید ملن پارٹیاں اور دیگر کئی تقریبات منسوخ ہوچکی ہیں جب کہ  پنجاب  میں عید سے پہلے ہی ایک بار پھر سمارٹ لاک ڈاون لگادیا گیاتھا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -