ہزاروں کے بکرے اور لاکھوں کے بیل مگران کی کھال کی قیمت کیا ہے؟جان کر آپ کو بھی یقین نہیں آئے گا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ہزاروں کے بکرے اور لاکھوں کے بیل مگراس عید پر ان کی کھالوں کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی دیکھی جارہی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق 40 سے 50 ہزار کے بکرے کی کھال 100 سے ڈیڑھ سو روپے میں فروخت ہو رہی ہے جب کہ موٹے بھاری بھرکم بیل کی کھال ساڑھے 600 سے 700 روپے پر آگئی ہے اور بھیڑ کی کھال تو کوئی مفت لینے کو بھی تیار نہیں ہے۔
عارضی منڈیوں میں کھالیں فروخت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس بار کھالوں کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر ہیں۔کھالیں بیچنے والوں کا کہنا ہے کہ ہر سال جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ جب کہ کھالوں کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے۔گائے کی کھال پچھلے سال 2 ہزار کی بھی بک جاتی تھی لیکن اس سال نصف سے بھی کم پر فروخت ہورہی ہے جب کہ دو سوا دو سو والی بکرے کی کھال اس بار 100 روپے کی ہے۔
عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی کھالوں کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہونے کے حوالے سے کھالوں کےتاجروں کا کہنا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیے بغیر کھالوں کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کو روکنا ممکن نہیں ہے۔
خیال رہے )ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا آج دوسرا روز ہے اور مختلف علاقوں میں سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے ۔
عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر پاکستان بھر میں احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔