شریف گروپ کے چیف فنانس آفیسر محمد عثمان کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن بھی میدان میں آگئی،بڑی دھمکی دے دی 

شریف گروپ کے چیف فنانس آفیسر محمد عثمان کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن بھی میدان ...
شریف گروپ کے چیف فنانس آفیسر محمد عثمان کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن بھی میدان میں آگئی،بڑی دھمکی دے دی 

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)شریف گروپ کے چیف فنانس آفیسر محمد عثمان کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن بھی میدان میں آگئی اور فوری رہا نہ کرنے کی صورت میں بڑی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف گروپ کے سی ا یف او عثمان کو, جواپنے والدین سے عید مل کر آ رہے تھے اٹھا لیا گیا ہے، ابھی تک نیب یا ایف آئی ا ے کی طرف سے گرفتاری کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں، نیازی حکومت نے خفیہ مقام پر حبس بے جا میں رکھا ہے ،فوری رہا نہ کیا گیا تو ایف آئی ا ے کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔عطا اللہ تارڑ نے محمد عثمان کے بھائی محمد ثاقب کی جانب سے تھانہ سمن آباد میں دی جانے والی درخواست بھی شیئر کی ۔پولیس کو دی جانے والی درخواست  میں محمد ثاقب کا کہنا تھا کہ اس کا بھائی اپنی اہلیہ کے ہمراہ گذشتہ شب بارہ بجے کے قریب  گاڑی پر ملتان روڈ بھلہ سٹاپ کے قریب سے اپنی اہلیہ کے ہمراہ جا رہے تھے کہ تو پیچھے سے کالے رنگ کے تین ڈبل کیبن ڈالے آئے جنہوں نے محمد عثمان کو گاڑی سے اتار کر زبردستی اغوا کر کے لے گئے اور جاتے ہوئے ان کی گاڑی سے تین عدد موبائل اور ضروری کاغذات بھی اپنے ساتھ لےگئے،یہ تمام واقعہ میری بھابھی ڈاکٹرصائمہ عثمان نےاپنی آنکھوں سےدیکھااورمجھےفون پراطلاع دی جس پرمیں فوری بھلہ سٹاپ پہنچااوربھابھی کو گھر چھوڑ کر واپس پہنچااورون فائیو پر کال کی۔میرے بھائی کو نامعلوم افراد نےجس انداز سے اغوا کیا ہے ایسے لگتا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے،لہذا میرے بھائی کو فوری بازیاب کرواتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے۔

واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل "اے آر وائے نیوز " نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ  شریف خاندان کے خلاف  مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے  اور قومی احتساب بیورو نے شریف گروپ کے سی ایف او محمد عثمان کو گرفتار کر لیاہے۔ذرائع کے مطابق  نیب کے پاس محمد عثمان کے خلاف اہم ثبوت ہیں،ملزم محمد عثمان شریف خاندان کے اکاؤنٹس مینج کرتا تھا ،محمدعثمان پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے بھی اہم ثبوت ہیں،محمد عثمان شریف خاندان مبینہ منی لانڈرنگ کیس کا اہم ملزم ہے۔

مزید :

قومی -