بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ناک خبر آگئی

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ناک خبر آگئی
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ناک خبر آگئی

  

 نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ناک خبر آگئی جبکہ تامل ناڈو کے گورنر بھی عالمی موذی وبا کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انہوں نے اپنے آپ کو گھر میں محصور کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوستان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرکزی رہنما،نریندرمودی کے دست  راست  اور انڈیا کے وزیر داخلہ امیت شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق اِنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے امیت شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا کی ابتدائی علامات ظاہر ہونے پر میں نے اپنا ٹیسٹ کرایا اور رپورٹ مثبت آَئی،میری طبعیت ٹھیک ہےلیکن ڈاکٹروں کے مشورے پر مجھے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے،ان تمام لوگوں سے گزارش ہے جو پچھلے کچھ دنوں سے مجھ سے رابطے میں رہے ہیں وہ خود کو الگ کریں اور اپنا ٹیسٹ کراوئیں۔یاد رہے کہ امیت شاہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے انتہائی اہم اور قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں اور دو روز قبل ہی نریندر مودی کے ساتھ انہوں نے کئی گھنٹے طویل اجلاس میں شرکت بھی کی تھی ،امیت شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بھارت سے نریندر مودی بارے بھی آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر خود کو اپنے گھر میں آئیسو لیٹ کریں۔ دوسری طرف بھارتی ریاست تامل ناڈو کے گورنر کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں آئیسو لیٹ کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  کورونا کے 54 ہزار سات سو چھتیس  نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 17 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے تاہم اس دوران پہلی مرتبہ 51 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔بھارت کی چار بڑی ریاستوں مہاراشٹرا ، تامل ناڈو ، دہلی اور آندھرا پردیش میں کورونا کے کیسز سب سے زیادہ ہیں۔

مزید :

بین الاقوامی -کورونا وائرس -