آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نتیجہ آگیا ، کون سی جماعت اکثریت میں آگئی ،اہم خبر
مظفر آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کی تینوں مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہو گئے ہیں جس کے بعد پی ٹی آئیکی مجموعی طور پر آزاد کشمیر اسمبلی میں سیٹیں 32ہو گئی ہیں ۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی علماءو مشائخ، سمندر پار تارکین وطن اور ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر امیدوار کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوئی اور پاکستان تحریک انصاف نے تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ۔مخصوص نشستوں کیلئے 41 ارکان اسمبلی نے ووٹ کا حق استعمال کیا جبکہ سردار عتیق ، جاوید اقبال اور چودھری یاسین ووٹ ڈالنے نہیں آئے ۔
علماءو مشائخ کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے محمد مظہر سعید 27 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ، مسلم لیگ ن کے صاحبزادہ سلیم نے 13ووٹ لئے ۔سمندر پار کشمیریوں کی نشست پر پی ٹی آئی کے محمد اقبال 27ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے حافظ طارق محمود نے 13ووٹ لئے ، ٹیکنو کریٹ کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے رفیق نیئر 27 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ذوالفقار علی نے 13ووٹ لئے ۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی تین امیدواران کوثر تقدیس گیلانی ، بیگم امتیاز نسیم اور صبیحہ خاتون سمیت پانچ خواتین مخصوص نشستوں پر بلا مقابلہ منتخب ہو چکی ہیں ۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی کل 53 نشستیں ہیں اور کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کیلئے 27 سیٹیں درکار ہوتی ہیں ، جن میں سے 45 پر عام انتخابات ہوتے ہیں اور عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں جبکہ 8مخصوص نشستیں ہوتی ہیں جن پر ارکان اسمبلی امیدوار کو منتخب کرتے ہیں ۔ ان میں خواتین کی 5مخصوص نشستوں کے ساتھ علماء و مشائخ، سمندر پار تارکین وطن اور ٹیکنو کریٹ کی ایک ایک نشست ہوتی ہے ۔
پاکستان تحریک انصاف نے مخصوص 8نشستوں میں سے 3 خواتین کی اور 3 دوسری نشستیں حاصل کی ہیں جس کے بعد پی ٹی آئی 32 سیٹوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے ۔
دوسرے نمبر پر پاکستان پیپلزپارٹی ہے جس کی 12 جبکہ مسلم لیگ ن کی 7 سیٹیں ہیں ، جموں کشمیر پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس صرف ایک ایک نشست ہے ۔پیپلزپارٹی کے دو نشستوں پر کامیاب امیدوار چودھری یاسین کو ایک سیٹ چھوڑنا ہوگی ۔