چیچہ وطنی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، خطرناک دہشتگرد گرفتار، الیکٹرک سرکٹ ، بارودی مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد
ساہیوال (ڈیلی پاکستان آن لائن) سی ٹی ڈی (کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ) نے ساہیوال سے خطرناک دہشت گرد گرفتار کر کے الیکٹرک سرکٹ ، بارودی مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد کر لیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی ساہیوال نے تحصیل چیچہ وطنی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ سی ٹی ڈی نے سورس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے ڈیٹونیٹر، بیٹری، بارودی مواد، الیکٹرک سرکٹ اور پرائما کارڈز برآمد کر لئے۔
بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ سی ٹی ڈی نے دہشت گرد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔