باجوڑ دھماکے نے نئی نویلی دلہن کا گھر بھی اجاڑ دیا
باجوڑ(آئی این پی)خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جمعیت علما اسلام( جے یو آئی )کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے خود کش دھماکے میں 11 روز کا دلہا بھی جاں بحق ہوگیا۔باجوڑ خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے اعجازکی گیارہ دن پہلے شادی ہوئی تھی، دلہن انتظار کرتی رہ گئی مگر بیس سالہ دولہا کبھی لوٹ کر نہ آنے والے سفر پر روانہ ہو گیا۔
بیس سالہ اعجازاحمد ان 55 بدقسمت افراد میں سے ایک تھا جو باجوڑمیں ہونے والے خودکش دھماکے میں ابدی نیند سوگیا، اعجازاحمد تین بھائیوں میں سب سے بڑا تھا جس کی شادی گیارہ دن پہلے ہوئی تھی۔اعجازکے والد کا کہنا ہے کہ اس کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا وہ دوستوں کے ساتھ گیا تھا جبکہ اعجازکے دوست کے مطابق وہ خودکش دھماکے میں شدید زخمی ہوگیا تھا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔
گھر والوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔یاد رہے گزشتہ ہفتے باجوڑ میں جمیعت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں 55 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔