مختلف پراجیکٹس کے لئے پاکستان آچکا ہوں،نصیر الدین شاہ

مختلف پراجیکٹس کے لئے پاکستان آچکا ہوں،نصیر الدین شاہ

  

لاہور(فلم رپورٹر )بالی وود سٹار نصیر الدین شاہ نے کہا ہے کہ میں پہلی مرتبہ پاکستان نہیں آیا مختلف پراجیکٹس کے لئے متعدد بار یہاں آچکا ہوں میرا پیغام محبت ہے جس کو عام کرتا رہوں گا۔ہمارے مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعے امن کا فروغ ہے ۔تاکہ آنے والی نسلیں پرسکون زندگی گذار سکیں۔ نصیر الدین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تھیٹر کر نے کیلئے آیا ہوں اور ہر سال آتا رہوں گا“ جنگوں پر مبنی فلموں کا مخالف ہوں کیونکہ اس میں مخالف ملک کو ولن بنا کر پیش کیا جاتا ہے‘ پاکستان اور بھارت میں امن کیلئے کوششوں کو جاری رکھنا ضروری اور دونوں حکومتوں کی ذمہ داری ہے عام آدمی کے مسائل پر مبنی فلمیں بنانا چاہئیں‘ لاہوریوں کا کھانا بہت پسند ہے امید ہے وہ مجھے ضرور کھلائیں گے۔ گزشتہ روز واہگہ بارڈر پر ”پاکستان“سےگفتگو کرتے ہوئے نصیرالدین شاہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو جنگی طرز پر فلمیں بنانے کی بجائے عام آدمی کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے فلمیں بنانی چاہئیں‘ میں خود جنگی طرز پر بنائی جانیوالی فلموں کا مخالف ہوں۔انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری کیلئے تھیٹر بہت اہم ہے اور پاکستان میں بھی تھیٹر کو آگے بڑھنا چاہئے اور ایسے پاگلوں کی ضرورت ہے جو تھیٹر کو پروان چڑھاتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مسلسل تیسری دفعہ تھیٹر گروپ کے ساتھ پاکستان آیا ہوں اور آئندہ سال بھی آﺅں گا لیکن ہو سکتا ہے کہ سال سے پہلے ہی آ جاﺅں۔ ایک سوال کے جواب میں نصیر الدین شاہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام امن چاہتے ہیں ہم سب کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی حکومتوں کا بھی فرض ہے کہ وہ امن کیلئے کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں کیونکہ امن سے ہی خوشحالی اور ترقی آئے گی۔

مزید :

کلچر -