فلسطینی نوجوان کے قاتل صہیونی فوجی کوباعزت رہا کردیا گیا
غزہ (این این آئی)دارالحکومت تل ابیب میں گولیاں مار کر ایک فلسطینی نوجوان کوشہید کرنے والے اسرائیلی فوجی اہلکار کوچند گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد باعزت رہا کردیا گیا اسرائیلی عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران فوجی اہلکار نے فلسطینی نوجوان پر گولیاں چلانے اوراسے جان سے مارنے کا اعتراف کیا، فوجی اہلکارنے بتایا کہ اس نے فائرنگ اس وقت شروع کی جب اسے شبہ ہوا ہے کہ فلسطینی شہری اس پرحملہ کرنے والا ہے۔ اپنی جان بچانے کےلئے اس نے پیشگی حملہ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، بعد میں معلوم ہوا کہ مرنے والا فلسطینی لڑا غیرمسلح تھا۔ خیال رہے کہ قابض اسرائیلی فوجی نے ہفتے کے روز شمالی فلسطین کے علاقے تل ابیب میں ایک 27سالہ فلسطینی شہری عنترشبلی الاقرع کو گولیاں مارکر شہید کردیا تھا۔ شہید کے اہل خانہ کا کہنا ہے عنترکی شادی کی تیاریاں عروج پر تھیں اور تین ہفتے بعد اس کی شادی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔