سرمایہ کاری کا پیکج 50ارب روپے سے بھی اوپر کر دیا گیا ہے، طاہرالقادری

سرمایہ کاری کا پیکج 50ارب روپے سے بھی اوپر کر دیا گیا ہے، طاہرالقادری

  

لاہور( سٹا ف رپورٹر ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حکومتی چھتری تلے ڈرگ مافیا و کرپشن ما فیا کی لوٹ مار اور ہوشرباءمہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔29دسمبر سے ملک گیر احتجاجی ریلیوں کا آغاز ہوگا۔ 29دسمبر کو لاہور،5جنوری کو راولپنڈی، 12 جنوری کو کراچی اور 19جنوری کو پشاور میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نیٹو سپلائی روکنے سے کچھ نہیں ہو گا ،ڈرون مار گرائے جائیں۔کوئی اور نہیں پاکستان کا قومی مفاد اہم ترین ہے،پاکستان ڈرون گرانے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔ وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ ڈھائی کروڑ تک کی سرمایہ کاری کے پیکج کو پارلیمنٹیرینز نے 50ارب روپے سے بھی اوپر کی ان لمیٹڈ حد تک کر دیا گیا ہے۔ دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتا ۔ایسے اقدامات سے ٹیکس چوروں اور کرپٹ مافیا کو نوازا جا رہا ہے ۔پاکستان کی تاریخ میں اس سے بڑا ڈاکہ کبھی نہیں پڑا۔لٹیروں کو بلیک منی کو وائٹ کرنے کا کھلا موقع فراہم کیا گیا۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور،بشارت عزیز جسپال، جی ایم ملک ، قاضی فیض الاسلام ،جواد حامد اور چودھری افضل گجربھی موجود تھے ۔

مزید :

صفحہ آخر -