ڈرون حملے بند ہونے تک نیٹو سپلائی بحال نہیں ہو گی،شاہ محمود قریشی

ڈرون حملے بند ہونے تک نیٹو سپلائی بحال نہیں ہو گی،شاہ محمود قریشی

ملتان (اے این این) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دھرنوں سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو نہیں روکا جا رہا،ڈرون حملے بند ہونے تک نیٹو سپلائی بحال نہیں ہو گی،دینی مدارس دہشتگردی کی نر سریاں نہیں،تعلیم کا ذریعہ ہیں،دہشتگردی کا مسئلہ طاقت سے حل ہونا ہوتا تودس سال کافی تھے،سانحہ راولپنڈی کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچایا جائے۔،ملتان میں مولانا حنیف جالندھری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 10 محرم کو راولپنڈی میں بہت بڑا سانحہ ہوا اس کی مکمل انکوائری ہونی چاہئے‘ ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ ایسی سوچ کی بیخ کنی ہو سکے۔ ہمارے بے پناہ مسائل ہیںاور ہم بحیثیت قوم مسائل میں اضافہ برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ ایک خاص طبقہ مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے مدارس کے خلاف پراپیگنڈا کررہا ہے کہ مدارس دہشت گردی کی نرسریاں ہیں یہ تاثر بالکل غلط ہے۔ میں نے بحیثیت وزیر خارجہ اس تاثر کو ختم کرنے کی کوشش کی برطانیہ کے وزیر خارجہ کو ملتان میں لے کر آیا اور ان کو مدرسے کا وزٹ کرایا تاکہ یہ تعصب ختم ہو کہ مدارس میں دہشت گردی کے بجائے دین کا کام ہو رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈرون حملوں پر تحریک انصاف کا موقف واضح ہے۔ پاکستان کوامن درکار ہے۔ امن مذاکرات کے ذریعے ہی قائم ہوسکتا ہے۔ بندوق کے زور پر کبھی بھی امن قائم نہیں ہوسکتا۔ افغانستان کے معاملات اور دہشت گردی کا خاتمہ طاقت کے زور سے ہونا ہوتا تو اس کے لئے دس سال کافی تھے ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلحہ اور دوسرے وسائل استعمال ہوئے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں لیکن نتیجہ صفر نکلا۔ انھوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کے دھرنوں سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور کمرشل سپلائی نہیں روکی جا رہی تاہم جب تک امریکہ ڈرون حملے بند کرے کی یقین دھانی نہیں کراتا نیٹو سپلائی بند رہے گی۔

مزید : صفحہ آخر