ہنگو ڈرون حملے کی فرانزک رپورٹ موصول، پولیس نے امریکی حکومت کیلئے سوالنامہ تیار کر لیا، سی آئی اے کے سٹیشن چیف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے: شیریں مزاری

ہنگو ڈرون حملے کی فرانزک رپورٹ موصول، پولیس نے امریکی حکومت کیلئے سوالنامہ ...
ہنگو ڈرون حملے کی فرانزک رپورٹ موصول، پولیس نے امریکی حکومت کیلئے سوالنامہ تیار کر لیا، سی آئی اے کے سٹیشن چیف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے: شیریں مزاری

  

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخواہ پولیس نے ہنگو ڈرون حملے کی تحقیقات میں امریکی حکومت کیلئے سوالنامہ تیار کر لیا ہے، تحریک انصاف کی رہنماءشیریں مزاری کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے کے ذمہ دار شخص کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت کو ہنگو ڈرون حملے کی فرانزک رپورٹ موصول ہو گئی ہے جس میں تصدیق کی گئی ہے کہ ہنگو دھماکے میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ خیبرپختونخواہ پولیس نے رپورٹ موصول ہونے کے بعد امریکی حکومت کیلئے سوالنامہ تیار کر لیا ہے جو محکمہ خارجہ کے ذریعے امریکی حکومت کو بھجوایا جائے گا۔ تحریک انصاف کی ترجمان شریں مزاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے کے ذمہ دار شخص کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، پوری دنیا کو معلوم ہے کہ سی آئی اے ڈرون حملے کراتی ہے جبکہ سی آئی اے سٹیشن چیف ڈیڑھ سال سے پاکستان میں ہیں تاہم وہ کس نام سے پاکستان آئے ہیں اس کے بارے میں وہ نہیں جانتیں۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی اے سٹیشن چیف کو سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں ہوتا ، ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

مزید : پشاور /اہم خبریں