شہری حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے ملکی مصنوعات کو ترجیح دیں

شہری حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے ملکی مصنوعات کو ترجیح دیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار علی ملک نے تاجروں اور صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کو ترجیح دیں جو معیار کے حوالے سے دنیا بھر میں بہترین اور معیاری ہیں۔ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں پاکستانی مصنوعات کو ترجیح دینی چاہیے جس سے مقامی صنعتیں مستحکم ہونگی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور ملک معاشی طور پر ترقی کرے گا۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ پاکستانی مصنوعات کی برانڈنگ اور مارکیٹنگ پر خاص توجہ دیں کیونکہ معیار میں بہترین ہونے کے باوجود برانڈنگ اور مارکیٹنگ کے فقدان کی وجہ سے ہماری مصنوعات مقابلے کی دوڑ میں پیچھے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زو ردیا کہ وہ بین الاقوامی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے تاجر برادری کی مشاورت سے منصوبہ بندی کرے کیونکہ دیگر ممالک ہمارے حصے پر غلبہ پارہے ہیں جس کے نتیجے میں برآمدات جمود کا شکار ہیں۔ انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو درپیش مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی صنعتی بنیاد کا 99فیصد حصہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں پر مشتمل ہے ۔
اور یہ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایس ایم ایز کے لیے ایک علیحدہ وزارت قائم کرے جو صرف ان صنعتوں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو آسان قرضوں کے اجراء، بجلی و گیس کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات مہیا کی جائیں اور ان کے لیے شہروں کے نزدیک خصوصی اکنامک زون قائم کیے جائیں جس سے ان صنعتوں کی ترقی و خوشحالی میں مدد ملے گی۔

مزید :

کامرس -