آپریشن ضربِ عضب عروج پر ہے کامیابی سے اختتام پذیر ہو گا: اسحاق ڈار

آپریشن ضربِ عضب عروج پر ہے کامیابی سے اختتام پذیر ہو گا: اسحاق ڈار
آپریشن ضربِ عضب عروج پر ہے کامیابی سے اختتام پذیر ہو گا: اسحاق ڈار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب عروج پر ہے جو 2016ءکے آخر تک کامیابی سے اختتام پذیر ہوجائے گا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کراچی میں ملٹری پولیس کی وین پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کے ایسے بزدلانہ حملوں سے ہار ماننے والی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے جوانوں کی بے مثال قربانیوں کی بدولت آپریشن ضرب عضب میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ آپریشن سے تقریباً چار لاکھ خاندان بے گھر ہوئے جبکہ 70,000 خاندانوں کو واپس اپنے گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام خاندانوں کو واپس بھیجنے کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے اور 2016ءکے آخر تک تمام خاندانوں کو اپنے گھروں کو واپس بھیجنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سے متاثرہ علاقوں کیلئے ایک جامع پروگرام بنایا گیا ہے جس کے تحت سڑکوں، ہسپتالوں اور سکولوں کی تعمیر کی جائے گی۔ پروگرام کا ابتدائی تخمینہ 190 ارب روپے تھا جس میں سے 45 ارب روپے پہلے ہی گزشتہ سال کے دوران خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ رواں مالی سال میں 100 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا کہ پانچ سے 10فیصد حالیہ ڈیوٹی کسی بھی مقامی اشیاءپر نہیں بلکہ درآمدی اشیاءپر عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں تمام قومی ادارے لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 22 بین الاقوامی تنظیموں نے پاکستان کو مستحکم معیشت کے طور پر تسلیم کیا ہے۔

مزید :

قومی -