نئی پالیسی کے باوجود ،شناختی کارڈ کی بروقت فراہمی سوالیہ نشان ،ایجنٹوں کا خاتمہ نہ ہو سکا

نئی پالیسی کے باوجود ،شناختی کارڈ کی بروقت فراہمی سوالیہ نشان ،ایجنٹوں کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( افضل افتخا ر) وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی نئی پالیسی کے باوجود شہریوں کو قومی شناختی کارڈ کی بروقت فراہمی ممکن نہ ہو سکی۔صوبائی دارالحکومت میں قائم مختلف نادرا سنٹروں پر ہزاروں کی تعداد میں شہری روزانہ ذلیل و خوار ہورہے ہیں ۔ کئی کئی ماہ ضائع کرنے کے باوجود شناختی کارڈ کا حصول ممکن نہیں ہوپارہا۔ نادرا ایجنٹ مافیا کی مکمل قید میں ہے اسی لئے شہریوں کو گھنٹوں لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کے باوجود شناختی کارڈ نہیں مل پارہے جبکہ ایجنٹ عملہ کی مدد سے شہریوں کی جیب خالی کروانے میں مصروف ہیں،روزنامہ پاکستان نے عوامی شکایات پر نادرا آفس ایبٹ روڈ اور نادرا آفس پیکو روڈ ٹاؤن شپ کاسروے کیا توسائل نادرا انتظامیہ کے خلاف پھٹ پڑے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ شناختی کار ڈ کے حوالے سے نئی پالیسی تو آچکی ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہورہا جس کی وجہ سے ذلیل و خوار ہورہے ہیں۔ ریاض نے کہا کہ میں بچے کا بی فارم بنوانے کے لئے آیا ہوں جبکہ نئی پالیسی کے مطابق برتھ سرٹیفیکٹ کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود اب بھی عملہ تنگ کررہا ہے۔نبیل اور عامر نے کہا کہ نئی پالیسی بہت اچھی ہے لیکن اس پر عملدرآمد توکیا جائے پھراس کا کریڈٹ حکومت کو جائے گا اور شہریوں کے کئی مسائل حل ہوجائیں گے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس حوالے سے بھرپور اقدامات کئے جائیں اور اس پر جس طرح عمل کیا جارہا ہے اسی طرح ہوتے رہنا چاہیے ۔صائمہ نے کہا کہ میں یہاں پر اپنا شناختی کار ڈ بنوانے کے لئے آئی ہوں لیکن و ہ کہتے ہیں کہ اپنے خاوند کا شناختی کارڈ اور کمپیوٹرائزڈ نکاح نامہ لیکر آؤ جب کہ حکومت کی نئی پالیسی کے تحت اب کمپیوٹرائزڈ نکاح نامہ کی ضرورت ہی نہیں عقیل، بلال، اشرف اور حیدر نے کہا کہ نادرا آفس میں لوگوں کو ذلیل و خوار کیا جارہا ہے اور حکومت اس کا کوئی نوٹس نہیں لے رہی یہ جان بوجھ کر صرف ایجنٹوں کے ذریعے کام کروانے اور پیسے حاصل کرنے کے لئے ایسا کررہے ۔ حکومت دوسرے شعبوں کی بہتری پر تو توجہ دے رہی ہے لیکن یہ عوام کا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور ایک طویل عرصہ سے اس پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں حکومت اس جانب توجہ دے دوسری جانب نادرا حکام کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی پر عمل درآمد شرو ع ہوچکا ہے اور آہستہ آہستہ ہی عوام کو ریلیف ملے گا دفاتر کو نیا سوفٹ وئیر بھی فراہم کیا جاچکا ہے اور اس کے مثبت نتائج جلد ہی عوام کے سامنے آجائیں گے ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے اور نئی پالیسی بھی اس کا ایک ثبوت ہے اگر سائلین کو تنگ کرنے کی شکایات موصول ہوتی ہیں تو ہم مذکورہ عملہ کے خلاف سخت ایکشن لیں گے ۔