داعش کے حملے کا خطرہ ،پنجاب یونیورسٹی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

داعش کے حملے کا خطرہ ،پنجاب یونیورسٹی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جاوید اقبال) پنجاب یونیورسٹی میں دہشت گردوں کی طرف سے دو روز میں دہشت گردی کی 4 دھمکیاں اور چار خطوط موصول ہو گئے جس کے بعد پنجاب یونیورسٹی کو بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے یہ دھمکیاں ٹیلی فونک اور تحریری طور پر انتظامیہ کو موصول ہوئی ہیں جس کی اطلاع انہوں نے پنجاب حکومت کو دے دی ہے۔ دہشت گردوں کی دھمکیوں میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کو یرغمال بنایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نامعلوم دہشت گردوں کی طرف سے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کو یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملوں اور یونیورسٹی کو یرغمال بنانے کی دھمکیاں معمول بن گیا ہے۔ حالیہ تین دنوں میں چار مرتبہ یونیورسٹی ویب سائٹ پر دھمکیاں بھجوائی گئی ہیں ایک دھمکی داعش کی طرف سے دی گئی ہے کہ وہ یونیورسٹی پر بڑا حملہ کر سکتے ہیں۔ یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دھمکیوں کی اطلاع پنجاب حکومت کو تحریری طورپر دے دی گئی ہے اور سیکیورٹی بڑھانے کے لئے خطوط ارسال کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد یونیورسٹی میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور گیٹوں پر بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔داخلی و خارجی گیٹوں کو بند کر دیا گیا ہے اس کی تصدیق پولیس کی سپیشل برانچ نے بھی کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بڑے تعلیمی اداروں کو دہشت گردوں کی دھمکیاں ملی ہیں ۔ لہٰذا سیکیورٹی سخت کرنے کی سفارش کی گئی ہے اس حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انٹرنل سیکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے اور حکومت سے بھی سیکیورٹی میں اضافہ کر کے یونیورسٹی انتظامیہ کی مدد کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔