سینکڑوں اشیاء پر ٹیکس لگانا سراسر ظلم و زیادتی ہے،عبدالعلیم خان

سینکڑوں اشیاء پر ٹیکس لگانا سراسر ظلم و زیادتی ہے،عبدالعلیم خان

  

لاہور( نمائندہ خصوصی)چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مالی سال کے وسط میں ضرورت کی سینکڑوں اشیاء پر نئے ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ سراسر ظلم و زیادتی ہے موجودہ حکومت کو ناکام بنانے میں سب سے اہم کردار وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا ہے جنہوں نے عالمی طاقتوں کے اشاروں پر مالیاتی فیصلے کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف اس فیصلے کو رد کرتی اور حکومت سے نئے ٹیکس کے نفاذ کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کا دعوی کرنے والوں نے عوام کی تکلیف میں اضافے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ،عام آدمی کا پہلے ہی جینا محال ہو چکا ہے۔

اس پر روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں گرانی کا فیصلہ موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گا اور عوام فوراًسڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے ۔ ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے بھی اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں اضافے اور نئے ٹیکس کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں آواز اُٹھانے کا اعلان کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی موجودہ حکمرانوں سے نالاں ہے اور ان ٹیکسوں کے اعلان سے کاروبار مزید تباہ ہو جائینگے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -