مصور برکات کی تصوریروں اور دیدہ کزیب فن پاروں کی نمائش کا افتتاح ،شائقین کی غیر معمولی دلچسپی
لاہور(سٹی رپورٹر)روٹری کلب آف لاہورگارڈنز کے زیر اہتمام الحمراء آرٹ گیلری میں گزشتہ روزممتاز کیلی گرافراورمصورڈاکٹر اعجاز انور نے نوجوان مصور برکات کی تصویروں اوردیدہ زیب فن پاروں کی نمائش کاافتتاح کردیا۔ نوجوان مصور کے فن پاروں میں مرد وخواتین کی طرف سے غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ نامور مصور اور نوجوان آرٹسٹ برکات کے تخلیق کردہ انتہائی خوبصورت،دیدہ زیب اوردلکش فن پارے بچوں ،بوڑھوں سمیت ہر عمر کے مرد وخواتین کیلئے دلچسپی اورتوجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔یہ فن پارے اپنی مثال آپ ہیں،ایونٹ کی آرگنائزر زروبینہ قریشی ،ڈاکٹر عرشیہ قاسم ،ڈاکٹر صوبیہ شاہد اوراحمد حسنات نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان فن پاروں کی نمائش کے توسط سے حاصل ہونے والی رقم روٹری فاؤنڈیشن کے قائم کردہ پولیو پلس فنڈ میں جمع ہوگی جو پاکستان میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز کی روک تھام پر خرچ کی جائے گی۔ نمائش میں رکھے گئے فن پارے آرٹ کے میدان میں ایک خوبصورت اضافہ ہیں جنہیں نامور فنکاروں ،مصوروں سمیت ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بے حد سراہا ہے ان فن پاروں کو دیکھ کر کوئی بھی شخص ان کے تخلیق کارکو داددیے بغیر نہیں رہ سکتا۔ نامور مصوربرکات ڈاکٹر اعجاز انور کے شاگرد ہیں ان کے 60سے زائد فن پارے نمائش میں رکھے گئے ہیں۔نمائش میں رکھے گئے ان خوبصورت فن پاروں کے تخلیق کار کی زندگی کی کہانی بھی کچھ عجیب سی ہے ۔ 22سال کی عمر میں جب وہ سی اے کر رہے تھے تو ان کا ایکسیڈنٹ ہوگیا جس کے نتیجے میں ان پرفالج کا حملہ ہوا اوروہ 3ماہ تک کومے میں چلے گئے مگر اس معذوری کو انہوں نے اپنی کمزوری نہ بننے دیاانہوں نے اپنے بائیں ہاتھ کے ذریعے پینٹنگز اورڈرائنگ کا کام سرانجام دیا۔ان فن پاروں کو دیکھ کر اندھیرے چھٹتے ہیں اورمایوس دلوں میں امید کی ایک کرن پیدا ہوتی ہے۔