بیوہ شوہر کی رقم کے حصول کے لئے سیشن کورٹ پہنچ گئی
لاہور(نامہ نگار)محنت کش عمربھر کی جمع پونجی لٹنے کا صدمہ برداشت نہ کرسکا، دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا،بیوہ شوہر کی رقم کے حصول کے لئے سیشن کورٹ پہنچ گئی،عدالت نے باغبانپورہ پولیس سے 3 دسمبر کو رپورٹ طلب کرلی۔ایڈیشنل سیشن جج اعجاز چیمہ کی عدالت میں باغبانپورہ کی بیوہ خاتون کوثر بی بی بیٹے کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئی۔ اس نے اپنے وکیل کی وساطت سے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اس کے سابق شوہر محمد پرویز کو ملک امانت نے 6 مرلے کا پلاٹ دلوانے کا جھانسہ دے کرساڑھے 3 لاکھ روپے ایڈوانس ہتھیا لئے۔ بعدازاں معلوم ہوا جہاں پلاٹ دلوایا جا رہا ہے اْس جگہ کوئی پلاٹ موجود ہی نہیں،محمد پرویز فراڈ کا صدمہ برداشت نہ کرسکا اور دل کا دورہ پڑنے پر دم توڑ گیا۔عدالت سے استدعا ہے کہ باغبانپورہ پولیس کو حکم دیا جائے کہ ملزم ملک امانت اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے رقم واپس دلوائی جائے۔ اْس نے بتایا کہ ساڑھے تین لاکھ روپے اس کے خاوند کی عمر بھر کی کمائی تھی۔عدالت نے تھانہ باغبانپورہ پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ 3 دسمبرتک طلب کرلیا ہے۔