ٹیکسوں میں اضافے سے مہنگائی کا جن بے قابو ہو جائیگا،میاں مقصود

ٹیکسوں میں اضافے سے مہنگائی کا جن بے قابو ہو جائیگا،میاں مقصود

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے 350اشیاء پر5سے10فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیکسوں میں اضافہ سے مہنگائی کاجن بے قابو ہوجائے گا۔ٹیکس وصولی میں ناکامی کے بعد حکومت نے محصولات کاخسارہ پوراکرنے کے لئے عوام کے کندھوں پرمہنگائی کامزیدبوجھ ڈال دیا ہے ۔

پولٹری،ادویات،خام مال،کھاد،دہی،مکھن،ڈیری اشیاء ، قدرتی شہد،پھلوں سمیت دیگرروزمرہ کی اشیاء پرٹیکس لگانے سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہوجائے گی۔پہلے ہی غریب عوام کودووقت کی روٹی میسر نہیں ۔ غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پرمجبورہوچکے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پرمجبور ہے،حکومت کو چاہئے کہ عوام کش پالیسیوں سے اجتناب کرتے ہوئے ایسی حکمت عملی اختیار کرے جن سے لوگوں کے مسائل میں اضافے کی بجائے کمی ہو۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وسائل سے مالامال ملک ہے مگر بدقسمتی سے محب وطن قیادت کے فقدان اور ماضی کے نااہل وکرپٹ حکمرانوں نے اس کو آئی ایم ایف کاغلام بناکررکھ دیا ہے۔آج پاکستان کاہرشہری ایک لاکھ7ہزار828روپے کامقروض ہوچکا ہے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -