دہشت گردوں کی میڈیا کو دھمکیاں ،وزیر داخلہ پنجاب کی آئی جی کو سیکیورٹی اقدامات کی ہدایت

دہشت گردوں کی میڈیا کو دھمکیاں ،وزیر داخلہ پنجاب کی آئی جی کو سیکیورٹی ...

  

لاہور(زاہد علی خان) دہشت گردوں نے پولیس اوردیگر اداروں کے بعد میڈیا کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔بعض اخبارات اورمیڈیا ہاؤسز کے سرکردہ افراد کو قتل کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔اوربعض اخبارات اورمیڈیا ہاؤسز کے باہر کچھ پولیس اہلکاروں کو سیکورٹی کے نام پر تعینات کیا گیا ہے ۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے اس کا نوٹس بھی لے لیا ہے تاہم با قاعدہ سیکورٹی نہیں لگائی گئی۔وزیر داخلہ پنجاب نے آئی جی پولیس پنجاب سے اس کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں اورآئی جی سے کہا گیا ہے کہ سی سی پی او،آر پی اوز ،ڈی پی اوز کو ہدایت کی جائے کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ کسی صحافی کو اگر دھمکی دی گئی ہے تو وہ سیکورٹی کے حوالے سے فوری کاروائی کریں۔آئی جی پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے روزنامہ پاکستان کو بتا یا کہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنا اورصحافیوں کو سیکورٹی فراہم کرنا ہمارا فرض ہے ۔ تمام ضروری اقدامات کر رکھے ہیں ۔اگر کسی کو انفرادی طورپر دھمکی دی جائے تو وہ ان کے علم میں لائیں تاکہ ایسے صحافیوں کو تحفظ دیا جائے ۔آئی جی نے کہا کہ پولیس اوردیگر سیکورٹی ادارے اس امر کی کوشش کر رہے ہیں کہ دہشتگردوں کا صفایا کیا جائے جس کیلئے ضروری اقدامات بھی کر لیے ہیں ۔آئی جی پولیس نے کہا کہ دیگر فورسز کے علاوہ پولیس بھی دہشتگردوں کو ختم کرنے یا انہیں گرفتار کرنے کیلئے پہلی صف میں کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسروں اورجوانوں کی شہادت سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ ملک سے دہشتگردی ختم کر دی جائے گی

مزید :

صفحہ اول -