کراچی ،دہشت گردوں کی فائرنگ سے ملٹری پولیس کے 2اہلکار شہید ،ایسے حملے ہمارا عزم کمزور نہیں کر سکتے ،راحیل شریف

کراچی ،دہشت گردوں کی فائرنگ سے ملٹری پولیس کے 2اہلکار شہید ،ایسے حملے ہمارا ...

  

کراچی /اسلام آباد(آئی این پی)کراچی کی مصروف ترین شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ملٹری پولیس کا حوالدار اور لانس نائیک شہید ہو گئے ،پولیس اوررینجرزکی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جائے وقوعہ سے ایک مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کرلیا،دہشت گردی کی کارروائی میں بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کے ملوث ہونے کا شک ظاہر کر دیا گیا، صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نواز شریف،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں مصروف ترین شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر تبت سنٹر کے قریب ملٹری پولیس کی کھڑی گاڑی پر2 نامعلوم موٹرسوار دہشت گردوں نے گاڑی کے دونوں اطراف سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حساس ادارے کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والے اہلکاروں میں کراچی کے رہائشی حوالدار راشد اور مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک ارشد شامل ہیں۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار راشد موقع پر شہید جبکہ لانس نائیک ارشد کو شدید زخمی حالت میں سول ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے،واقعے کے بعد پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا، فائرنگ کے واقعے کے بعد فرانزک ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد و گولیوں کے خول اکٹھے کرئے، پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے چار خول برآمد ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ملٹری پولیس کی گاڑی روڈ پر کھڑی تھی کہ اس دوران دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، دہشت گردوں نے اپنے چہروں پر نقاب اوڑھا ہوا تھا،فائرنگ کے وقت دونوں شہید اہلکار وردی میں ملبوس تھے۔ملٹری پولیس کے اہلکاروں پر حملے کامقدمہ حوالدار علی احمدکی مدعیت میں پریڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ،مقدمے میں انسداد دہشت گردی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔سابق فوجی افسرمیجرجنرل(ر)اطہر عباس نے دہشت گردی کی کارروائی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کر دیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اور وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردی کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں پر ایسے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، امن و استحکام کراچی کا مستقبل ہے، آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملٹری پولیس کی گاڑی پارکنگ میں کھڑی تھی ، اس کا رخ فٹ پاتھ کی جانب سے اور دونوں سیکیورٹی اہلکار گاڑی میں موجود تھے، موٹر سائیکل پر سوار دو نقاب پوش لڑکے آئے اور گاڑی کی عقبی جانب سے حملہ کر دیا اور حملہ آوروں نے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی ، سکیورٹی اہلکاروں کو سر اور جسم کے اوپر والے حصے میں گولیاں لگیں۔دونوں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ اداک ردی گئی ،نماز جنازہ میں نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ ،کورکمانڈر کراچی سمیت اعلی عسکری وسول حکام نے شرکت کی۔

راولپنڈی (آئی این پی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں دہشت گرد حملے میں شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے اس طرح کے بزدلانہ حملے ہمارے قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتے ، ملٹری پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر قدم اٹھایا جائیگا،اس حملے کا مقصد آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو کمزور کرنا ہے ،ہرطرح کی دہشت گردی کو پاک سرزمین سے ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کیلئے پرعز م ہیں۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں دہشت گرد حملے میں ملٹری پولیس کے شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔آرمی چیف نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے ہر حد تک جانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ ملٹری پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر قدم اٹھایا جائیگا۔آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گرد آپریشن ضرب عضب میں پیشرفت کو روکنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،ہرطرح کی دہشت گردی کو پاک سرزمین سے ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کیلئے پرعز م ہیں۔آرمی چیف نے کہاکہ دہشتگردوں کے اس طرح کے بزدلانہ حملے قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتے ، ملٹری پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر قدم اٹھایا جائیگا۔حملے میں ملوث ملزمان کو ہرحال میں کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ہمارے قومی عزم کو یہ حملے متزلزل نہیں کرسکتے۔

مزید :

صفحہ اول -