’’دن نیوز‘‘ کے دفتر پر کریکر حملہ اور فائرنگ ،2پولیس اہلکاروں سمیت 3افراد شدید زخمی

’’دن نیوز‘‘ کے دفتر پر کریکر حملہ اور فائرنگ ،2پولیس اہلکاروں سمیت 3افراد ...

  

لاہور( وقا ئع نگا ر)گلبرگ کے علاقہ میں دن نیوز کی عمارت پر کریکر حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ دہشتگرد فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ۔ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے علاقہ فردوس مارکیٹ نزد سیون اپ پھاٹک کے قریب واقع دن نیوز کے دفتر کے سامنے پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تھے کہ شام 6بجے کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار دفتر کے سامنے سے گزرے اور انہوں نے دو پولیس اہلکاروں جن کے نام ناصر اور اعجاز ہیں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا بعد ازاں موٹر سائیکل سواروں نے دفتر کی عمارت پر فائرنگ کر دی اس دوران چینل کے کمپیوٹر سیکشن میں کام کرنے والا ملازم مقصود مشتاق اپنی موٹر سائیکل پر ڈیوٹی کے لیے آرہا تھا کہ فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ایک منٹ تک فائرنگ کرنے کے بعد ملزمان نے عمارت پر دو کریکر بم پھینکے جن کی وجہ سے عمارت کا سامنے کا بیشتر حصہ تباہ ہو گیا ۔ ملزمان نے دھمکی آمیز پمفلٹ پھینکے اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو سروسز ہسپتال میں منتقل کیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف ،سی سی پی او لاہور امین وینس اورڈی سی او لاہور نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے قریبی علاقوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ۔ چینل میں کام کرنے والے صحافیوں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سن کر انہوں نے عمارت میں داخل ہونے والا مین گیٹ بند کر دیا تھا جس کی وجہ سے دہشتگرد عمارت کے اندر داخل نہیں ہو سکے ۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی ذمہ داری دولت اسلامیہ خراسان نے قبول کر لی ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -