حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے میں ناکام رہی،شوبزحلقے

حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے میں ناکام رہی،شوبزحلقے

  

لاہور(رپورٹنگ ٹیم)شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد نے وفاقی حکومت کی جانب سے منی بجٹ پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔شاہدہ منی نے کہا کہ حکومت ہر سال منی بجٹ پیش تو کرتی ہے لیکن اس سال کچھ زیادہ سختی کی گئی ہے ۔اس سال بھی عام لوگوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔اگر روپے کی قیمت کی اضافہ ہوا ہے تو اس سے عوام کو کون سا فائدہ پہنچا ہے۔اداکارہ ماہ نورنے کہا کہ عوام کو اربوں روپے کے زر مبادلہ کے ذخائر سے کوئی دلچسپی نہیں ہے مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ لوگ آلو تک نہیں خرید سکتے۔سٹار میکر جرار رضوی نے کہا کہ حکومت نے پانچ ماہ بعد منی بجٹ پیش کیا ہے جس میں کسی طبقے کے لئے کوئی ریلیف نہیں رکھا گیا ہے۔ اداکارہ میگھا نے کہا کبھی کسی بجٹ کے ذریعے عوام کی زندگی میں خوشحالی نہیں آئی ۔جس شرح سے مہنگائی بڑھ رہی ہے اسی شرح سے آمدنی میں بھی اضافہ ہونا چاہئے تھا۔خوشبو نے کہا حکومت نے مشکل حالات اور دستیاب وسائل میں بہترین منی بجٹ پیش کیا ہے ،ہمیں اچھے مستقبل کی امید رکھنی چاہیے اور مایوسی کی باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔اداکارہ صائمہ نے کہا کہبڑھتی ہوئی منگائی کیا رنگ لائے گی یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔ڈائریکٹر سید نورنے کہا عوام کو باتوں سے کوئی دلچسپی نہیں ہے وہ صرف ریلیف مانگ رہے ہیں جو منی بجٹ میں کہیں نظر نہیں آیا،تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی جیسی چیزیں بھی ضروری ہیں لیکن عوام کی زندگی میں حقیقی خوشحالی آنی چاہیے۔ڈائریکٹر ڈاکٹر اجمل ملک نے کہا حکومتی اقدامات سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی کیونکہ بجٹ میں بہت کچھ رکھا گیا ہے ۔ مختلف شعبوں کے ترقیاتی پروگرام عوام کی زندگی میں خوشحالی لائیں گے۔اداکارہ سونو علی نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ مہنگائی کی شرح سے ہونا چاہیئے ۔ اداکارہ ثناء نے کہا کہ حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا ہے جس پر تنقید کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔اداکار اچھی خان نے کہا حکومت نے پاکستانی عوام کومنی بجٹ کی صورت میں دکھ کے سوا کچھ نہیں دیاہے۔عباس باجوہ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے دم گھٹنے لگا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -