جعلی چیک کے مقدمہ کا ملزم ضمانت خارج ہونے پراحاطہ عدالت سے فرار
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ سے جعلی چیک دینے کے مقدمہ کا ملزم ضمانت خارج ہونے پر احاطہ عدالت سے فرارہو گیا،تفتیشی افسر اورمدعی مقدمہ ملزم کی گرفتاری کے لئے پیچھے بھاگتے رہے تاہم عدالتی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش نہیں کی۔جسٹس شہباز رضوی نے کیس کی سماعت کی۔سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم ریاض نے 12لاکھ روپے کا چیک دیا جو مقررہ تاریخ پر کیش ہونے کی بجائے باؤنس ہو گیا۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کے خلاف چیک کیش نہ ہونے کا مقدمہ تھانہ مدینہ ٹاؤن فیصل آباد میں درج ہے لہذا ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کی۔عدالتی کارروائی مکمل ہوتے ہی ملزم جونہی کمرہ عدالت سے باہر نکلاتو پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا۔