لاہور کے سرحدی تھانے مشترکہ آپریشن، ہفتہ وار اجلاس میں مشاورت کرینگے: امین وینس

لاہور کے سرحدی تھانے مشترکہ آپریشن، ہفتہ وار اجلاس میں مشاورت کرینگے: امین ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت جاری کاروائیوں کو مزید موثر بنانے اور اشتہاریوں ،مفروروں اور سماج دشمن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لانے کے لئے ضلع کی سطح پر پولیس کا ایک دوسرے سے تعاون اور رابطہ بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے جس کے بغیر معاشرے کے ناسوروں کو کیفر کردار تک پہنچانا آسان نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اتحاد سے ایک دوسرے کی طاقت کو بڑھاتے ہوئے پولیس کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایس پی ماڈل ٹاؤن کے آفس میں لاہور سے ملحقہ اضلاع کے پولیس افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں آر پی او شیخوپورہ شہزاد سلطان ،ڈی آئی جی آپریشنز و انویسٹی گیشن لاہورڈاکٹر حیدر اشرف اور چوہدری سلطان، ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور حسن مشتاق سکھیرا،ڈی پی او شیخوپورٍ۸۱ہ سہیل ظفر، ڈی پی او اوکاڑہ رانا فیصل ، ڈی پی او قصور علی ناصر رضوی، ڈی پی او ننکانہ شہزادہ سلطان، ایس پی انویسٹی گیشن گوجرانوالہ محمد معصوم ، ایس پی سی آر او لاہور عمر ریاض چیمہ، ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک ، ایس پی سکیورٹی لاہور کیپٹن (ر)ملک لیاقت، ایس پی AVLS لاہور ملک اویس، ایس پی آپریشن و انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن مستنصر فیروز اور فیصل مختارکے علاوہ مذکورہ بالا اضلاع کے سی آر او اور سی آئی اے کے اہلکار بھی موجود تھے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت کیے جانے والے سرچ آپریشنز سرحدی تھانوں میں مشترکہ طور پر کیے جائیں گے خاص کر لاہور سے ملحقہ اضلاع کی باؤنڈریز اور واقع تھانوں میں متعلقہ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نہ صرف مشترکہ طور پر یہ سرچ آپریشن کریں گے بلکہ ہفتہ وار مشاورتی اجلاس بھی کیا کریں گے جن میں جرائم پیشہ اور بدمعاشوں کیخلاف مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایسے اشتہاریوں ، مفروروں ، ڈاکوؤں اور بدمعاشوں جنہوں نے ایک سے زیادہ اضلاع میں وارداتیں کی ہونگی کی مشترکہ انویسٹی گیشن کی جائے گی، تمام اضلاع کی سی آر او برانچز کو لاہور کے CRO ونگ سے منسلک کیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -