راولپنڈی پولیس نے چہلم کے جلوس کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)راولپنڈی پولیس نے چہلم کے جلوس کے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔چہلم کے مرکزی جلوس کو بھر پور تحفظ فراہم کرنے کے لیے راولپنڈی پولیس نے بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کیے ہیں ۔چہلم کے جلوس کے فول پروف سیکورٹی کے لیے ر اولپنڈی پولیس کے تقریباً5000 افسران و ملازمان ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ ضلع پولیس کے علاوہ سپیشل برانچ پولیس ، ایلیٹ فورس ، پنجاب کانسٹیبلری کی نفری ، لیڈیز پولیس ، PQR، رینجرز اور ضلع امن کمیٹی کے ممبران بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ جلو س کے راستوں میں CCTVکیمرے نصب کیے گئے ہیں ۔کسی بھی شخص کو چھت پر جانے کی اجازت نہ ہو گی۔ چھتوں پر مسلح پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ جلوس شروع ہونے سے قبل جلوس کے روٹ کی سپیشل چیکنگ کی جائے گی بم ڈسپوزل سکارڈ کسی بھی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہے گا ۔ جلوس میں شامل ہونے والے اشخاص کی چار لائنزمیں چیکنگ کی جائیگی سب سے پہلے باڈی سرچ کی جائیگی اسکے بعد میٹل ڈیٹکڑ سے چیک کیا جائیگا اسکے بعد پھر باڈی سرچ کی جائیگی اور آخر میں واک تھرو گیٹ سے گزارا جائے گا دوران جلوس ڈیوٹی کسی بھی شخص کو بغیرسرچنگ/چیکنگ کے جلوس میں داخل نہ ہونے دیا جائیگا۔ برقعہ پوش خواتین کو لیڈیز پولیس اہلکار چیک کریں گی۔ جلوس کے راستوں /گلیوں کو خار دار تاروں سے سیل کیا جائے گا۔ جلو س کے راستے میں آنے والی بڑی سڑکوں کو کنٹینر لگا کر سیل کیا جائے گا جن پر مسلح پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور انر کارڈن اور آؤٹر کارڈن پکٹنگ کی جا ئے گی جلوس میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے داخلے اور پارکنگ پر مکمل پابندی ہو گی۔جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔جلوس کے روٹ پر واقع گھروں، ہوٹلوں اور بیٹھکوں کی مکمل چیکنگ کی جائے گی۔ جلوس کے روٹ پر کسی گاڑی اور شخص کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے گا۔ جلوس میں داخلے کیلئے مخصوص انٹری پوائنٹس بنائے گئے ہیں کسی اور جگہ سے داخلہ کی اجازت نہ ہوگی ۔ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ چہلم کے جلوس کے لئے بھی اپنے پیشہ وارانہ فرائض بھر پور ذمہ داری اور جذبے سے سر انجام دے گی۔