بلدیاتی انتخابات مخالف قوتوں کو سرپرائز دیں گے ، سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک میں جب جب عام انتخابات ہوئے تب تب پاکستان پیپلز پارٹی نے کسی ایک پارٹی نہیں بلکہ سیاسی و مذہبی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف الیکشن لڑا اور عوام نے ہمیشہ اسے فتح سے ہمکنار کیا۔ ماضی میں اسلامی جمہوری اتحاد اس کی ایک مثال ہے۔ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی صرف عوام کی مدد سے انتخابات میں نہ صرف بھرپور شرکت کررہی ہے بلکہ عوام کی طاقت اور پذیرائی سے بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلوں میں مخالفین کو شرمناک شکست سے دوچار بھی کیا ہے اور تیسرے مرحلے میں کراچی میں مخالف قوتوں کو سرپرائز بھی دے گی۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر سعید غنی نے گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والے 30 سے زائد سیاسی و سماجی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان سیاسی و سماجی شخصیات نے گزشتہ روز (پیر) کو ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے ذریعے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اور آج (بروز منگل) انھوں نے میڈیا سیل سندھ میں سینیٹر سعید غنی سے ملاقات کی۔سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ جو قوتیں ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کو طعنہ دیا کرتی تھیں کہ یہ جماعت بلدیاتی انتخابات نہیں کروانا چاہتی وہی لوگ بار بار عدالتوں میں جاکر بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو طول دیتے رہے لیکن عوام سے سچ چھپانا ناممکن ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ پر ہمیشہ ڈاکہ مارا گیا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر ظلم کے خلاف عوامی عدالت سے رجوع کیا اور عوام سے فیصلہ مانگا۔ کبھی انتخابی نتائج تبدیل کرکے پاکستان پیپلز پارٹی کو عوام کی خدمت سے روکا گیا تو کبھی پاکستان پیپلز پارٹی کی منتخب جمہوری حکومت پر شب خون مارا گیا لیکن نہ تو پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کا ساتھ چھوڑا اور نہ ہی عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی کو کبھی خود سے الگ کیا۔انھوں نے کہا کہ کراچی شہر کے مختلف علاقوں سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور اپنے اپنے علاقوں میں سماجی خدمت کا شہرہ رکھنے والی شخصیات کا پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا اس حقیقت کا مظہر ہے کہ لوگ پاکستان پیپلز پارٹی کوحقیقی معنوں میں عوامی نمائندگی رکھنے والی واحد سیاسی جماعت سمجھتے ہیں اور یہ لوگ اپنی سابقہ سیاسی قیادتوں سے بیزار ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے جمع ہورہے ہیں جس سے جمہوریت کے نام پرعوام کو دھوکہ دینے والی انتہا پسند جماعتوں کی حقیقت عیاں ہوچکی ہے۔انھوں نے کہا کہ پی پی پی کی جو سیاسی اور سماجی جڑیں عوام میں گہرائی تک پیوست ہیں انھیں اکھاڑنا تو درکنار ہلانا بھی اس کے مخالفین کے بس میں نہیں ہے اور وہ صرف اخباری بیانات تک ہی عوام کو گمراہ کرنے کے مذموم منصوبے کا پرچار کرتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ سالہا سال سے جاری پیپلز پارٹی کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے باوجود عوام اور کارکنان بلاول بھٹو کی قیادت اور شریک چےئرمین آصف علی زرداری کی رہنمائی میں متحد ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز (پیر) کو اس موقع پر اعظم سواتی، چوہدری عرفان ایڈووکیٹ، حاجی بشیر، نثار ملک، چوہدری انیس سمیت تیس کے قریب سیاسی اور سماجی شخصیات نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔