وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی چوہدری محمد برجیس طاہر سے ملاقات

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی چوہدری محمد برجیس طاہر سے ملاقات

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے تعاون اور اشتراک سے گلگت بلتستان کے لوگوں سے کیے ہوئے وعدے پورے کرے گی ۔ اُنہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ جنہوں نے آج وفاقی وزیر سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے محمد نوازشریف کے ترقی سے متعلق وژن کو ووٹ دیے اور ہمار ا اب یہ فرض بنتا ہے کہ ہم لوگوں کے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے گلگت بلتستان میں ترقی کے عمل کو تیز سے تیز ترکریں۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی سیاسی صورت حال اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے گلگت سکردو روڈ کی جلد تعمیر کے حوالے سے زور دیتے ہوئے کہا کہ گلگت سکردو روڈ کی تعمیر علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کی تعمیر سے متعلق معاملات کوجلد طے کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گڈ گورننس کو مدنظر رکھتے ہوے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے ساتھ ساتھ اُن کی جلد تکمیل کو بھی یقینی بنایاجائے۔ اُنہوں نے گلگت بلتستان میں کارڈیا لوجی ہسپتال کے جلد قیام پر بھی زور دیا ۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان میں مختلف محکموں میں شروع کیے گئے ریفارمز کے بارے میں وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ اُنہوں نے کیا کہ تمام سرکاری اداروں خصوصاً شعبہ صحت میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور ہسپتالوں کی صورت حال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان میں ڈاکٹرز کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں سیکیورٹی کی صورت حال تسلی بخش حد تک بہتر ہو گئی ہے جس سے سیاحت کے شعبے میں بے پناہ ترقی ہو گی ۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ گلگت بلتستان کونسل کے قواعد و ضوابط کی جلد منظوری کے بعد ارکان کا چناؤ عمل میں لایا جائے تاکہ ترقی کے عمل کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھا جا سکے۔ کونسل کے ارکان کے انتخابات کے بعد ہی جنگلات ، سیاح وسیاحت اورمننرل پالیسی کے معاملات پر پیش رفت ہو سکتی ہے اور کونسل کے ترقیاتی بجٹ کے بارے میں بھی منظوری دی جاسکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی سے متعلق گہری دلچسپی رکھتی ہے اور اس ضمن میں گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت سے اپنا پورا تعاون جاری رکھے گی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -