ڈاکٹر عاصم نے اپنے ہی رہنماؤں پر خلاف سنگین الزامات لگائے ، رؤف صدیقی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیرِ داخلہ سندھ کے بیان پر سابق صوبائی وزیرِ داخلہ و صنعت و تجارت سندھ رؤف صدیقی نے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے وزیرِ داخلہ نے ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے لگائے گئے لغو، جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر جو بیان جاری کیا ہے وہ افسوسناک ہے اور آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے کیونکہ ڈاکٹر عاصم حسین خود وزیرِ داخلہ سندھ کی جماعت پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے پیپلز پارٹی کے ہی بہت سارے اپنے رہنماؤں اور لیڈروں کے خلاف سنگین الزامات عائد کئے ہیں تو پھر وزیرِ داخلہ سندھ ان کی تحقیقات کا کب اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ داخلہ سندھ کا متحدہ کے رہنماؤں کی تحقیقات کا اعلان متحدہ کے رہنماؤں کی تحقیر کے زمرے میں آتا ہے۔ رؤف صدیقی نے وزیرِ داخلہ سندھ کو مشورہ دیا کہ غیر ضروری بیانات سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ میرے وکلا ڈاکٹر عاصم حسین کے لغو، جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے خلاف ہتکِ عزت کے قانونی نوٹسز جاری کر رہے ہیں۔ میں ان الزامات کو عدالت لے کر جا رہا ہوں تاکہ کسی کو بھاگنے کا بہانہ نہ مل سکے۔