کراچی ،انڈس اسپتال کے توسیعی منصوبے سے متعلق تقریب کا انعقاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انڈس اسپتال نے اسپتال کو توسیع دینے کیلئے "ایکسپنش 2018 "منصوبہ شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں فنڈزجمع کرنے کیلئے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں شرکاء کو انڈس اسپتال کے توسیعی منصوبے فیز 1کے بارے میں بتایا گیا۔ فیز 1منصوبے میں 150بستروں پر مشتمل انڈس اسپتال کو 996بستروں تک توسیع دی جائے گی جبکہ تیسرے اور آخری توسیعی منصوبے فیز 3 میں اسپتال کو 1800بستروں پر ٹیچنگ اسپتال بنایا جائے گا۔ تقریب میں تاجروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مایہ ناز قومی کرکٹریونس خان نے اپنے سائن کیے گئے مگ نیلا می کیلئے پیش کئے جبکہ اس موقع پر یونس خان کا انڈس اسپتال کو عطیہ کردہ تاریخ ساز بیٹ بھی نیلام کیا گیا جس کی آمدنی مستحق افراد کے علاج کیلئے خرچ ہوگی۔ پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے اسٹار کرکٹر یونس خان نے اس موقع پرانڈس اسپتال کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا،یاد رہے کہ یونس خان نے حال ہی میں انڈس اسپتال کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کئے تھے۔