ٹریفک کی بحا لی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،سی سی پی او

ٹریفک کی بحا لی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،سی سی پی او

  

لاہور( کرا ئم رپورٹر) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمدامین وینس نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی ناجائز تجاوزات کو سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ساتھ ملکر فوری طور پر ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں تعمیراتی کام کی وجہ سے ٹریفک کے بہاؤ میں مشکلات آرہی ہیں جسے دور کرنے کے لئے نہ صرف خصوصی توجہ دی جائے بلکہ ان علاقوں میں بہترین اور قابل عمل ٹریفک پلان نافذ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز اپنے دفتر میں ٹریفک پولیس اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان سمیت تمام ٹی ایم اوز ایس پی ٹریفک سٹی اور صدر کے علاوہ ٹریفک کے تمام ڈی ایس پیز نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او نے کہا کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے خاص کر اورنج ٹرین کے روٹ پر ہونے والے تعمیراتی کام کے سبب پیدا ہونے والی رکاوٹیں اور تجاوزات کو تما م ٹی ایم اوزاپنے علاقوں سے 3 دن کے اندر اندر ختم کروائیں بصورت دیگر وہ خود کو کارروائی کے لئے تیار رکھیں انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اوز اپنے علاقے کے ٹریفک سٹاف کے تعاون سے تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جن سڑکوں پر کام ہو رہا ہے وہاں شہریوں کی راہنمائی کے لئے سائن بورڈ آویزاں کروانے کے لئے فوری اقدامات کریں ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ آپریشنز پولیس شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک پولیس اور ضلعی حکومت کے عملے کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کرے گی اور اس ضمن میں جہاں کہیں نفری کی ضرورت ہو یا تھانے کے عملے کا تعاون درکار ہو فوری طور پر مقامی ایس پی یا ڈی ایس پی سے رابطہ کرے جنہیں اس حوالے سے پیشگی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں ۔

سی سی پی او

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -