آئی جی سندھ سے پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت اے ایس پیز کی ملاقات

آئی جی سندھ سے پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت اے ایس پیز کی ملاقات

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور سندھ پولیس کے دیگر افسران سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت اے ایس پیز کے 30رکنی وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ عبدالعلیم جعفری نے وفد کو سندھ پولیس کی کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی غلام سرور جمالی ، ڈی آئی جی آر آر ایف ڈاکٹر امین یوسف زئی ، ڈی آئی جی ٹریننگ اقبال دارا و دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی سندھ نے اپنے تعارفی خطاب میں پولیس سیکیورٹی اور امن و امان کے اقدامات کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے اور بالخصوص کراچی میں پولیس کو کئی چیلنجز کا سامنا تھا تاہم بروقت فیصلوں ، بہترین حکمت عملی اور لائحہ عمل کی بدولت جرائم سے متعلق مختلف نوعیت کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس ایکشن کے نتائج کو برقرار رکھنے کے لئے جرائم کے خلاف ٹارگٹیڈ آپریشنز کا تسلسل جاری ہے۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ نے وفد کو بریفنگ کے دوران نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس اقدامات کی تفصیلات کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال ابتک پولیس کی جانب سے شہرقائد میں جرائم پیشہ عناصرکے خلاف10648چھاپہ مارکارروائیاں جبکہ2091 سرچ آپریشن کیئے گئے ہیں اسی دوران427ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور384ملزمان ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے تحت 1584مقدمات کا اندراج کیا گیااور خلاف ورزی میں ملوث 876 افرادکوگرفتارکیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دل آزار مواد کی تقسیم اور وال چاکنگ پر 718 مقدمات کا اندراج کیا198افرادگرفتارکیئے گئے۔اسی طرح5502 مدارس کی جیو ٹیگنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال نیشنل ایکشن پلان کے تحت گرفتار ہونیوالے ملزمان کے قبضہ سے18ایل ایم جیز،10 جی تھری رائفلز،341ایس ایم جیز/ کلاشنکوف،7847 پستول / ریوالور / ماوزرز،291رائفلز،866شاٹ گنز / ریپیٹرز،6 ایم پی فائیو کے علاوہ526 کلو گرام دھماکہ خیزمواد،29خود کش جیکٹس،6آئی ای ڈیز،615 بم / دستی بم،756آوان بم / بال بیرنگ بم برآمد ہوئے ہیں۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹز نے پولیس فورس کی استعدادی صلاحیتوں میں اضافے کے حوالے سے مختلف اقدامات سے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فارنزک ڈویژن سندھ پولیس کی اپ گریڈنگ اور ڈی این اے لیبارٹری کے قیام کے اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے جبکہ پولیس انٹیلی جینس صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے مختلف تربیتی کورسسز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ بیرون ملک تربیت کے اقدامات کو بھی ممکن بنایا جارہا ہے۔بعد ازاں پولیس کے وفد نے سی پی او میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا اور شہر کی سیکیورٹی مانیٹرنگ کے جملہ امور و دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور آگاہی حاصل کی ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -