چنئی میں موسلادھاربارشیں، ٹرینیں اور پروازیں منسوخ، آرمی، ایئرفورس، نیوی طلب،100 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا
چنئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی میں موسلادھاربارشوں کی وجہ سے سڑکیں تالاب بن گئیںاور نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو میں ہونے والی بارش پچھلے 100 سال کی سب سے شدید ترین بارشیں ہیں۔ موسلادھار بارشوں کی وجہ سے پورا شہر جھیل کا منظر پیش کررہا ہے ۔سڑکوں پر پانی بھرنے کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ چنئی ایئر پورٹ کے رن وے پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ایئر پورٹ بند کر دیا گیاہے جبکہ پانی جمع ہونے سے 19 ٹرینیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
شدید بارشوں کی وجہ سے چنئی میں بھارت کی تینوں مسلح افواج آرمی، ایئرفورس، نیوی کوامدادی کاموں کیلئے طلب کرلیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہے۔چنئی ایئرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی کے باعث 4 ہزار مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے سکول بند کردیے گئے ہیں جبکہ نشیبی علاقوں کے لوگوں کو مسلح افواج کے اہلکاروں نے محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 4روز کے دوران مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے اور لوگوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔