امریکہ کو بیرونی سے زیادہ اندرونی دہشت گردوں سےخطرہ ہے، 66 فیصد حملے گورے انتہا پسندوں نے کئے :تھنک ٹینک

امریکہ کو بیرونی سے زیادہ اندرونی دہشت گردوں سےخطرہ ہے، 66 فیصد حملے گورے ...
امریکہ کو بیرونی سے زیادہ اندرونی دہشت گردوں سےخطرہ ہے، 66 فیصد حملے گورے انتہا پسندوں نے کئے :تھنک ٹینک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (آن لائن) پیرس حملوں کے بعد امریکہ میں ایک جانب جہاں ریپبلکن پارٹی کے سیاستدان ملک میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر شامی پناہ گزینوں کے داخلے پر پابندی کی بات کر رہے ہیں تو دوسری جانب اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے امریکہ کو بیرونی دہشت گردوں سے نہیں بلکہ اندرونی دہشت گردوں سے زیادہ خطرہ ہے۔ تھنک ٹینک ’نیو امریکہ فاﺅنڈیشن‘ کی رپورٹ کے مطابق 2001ءمیں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے بعد امریکی سرزمین پر ہونے والے دہشت گرد حملوں میں سے دو تہائی (66 فیصد) حملے بالادستی کے دعویدار گورے انتہا پسندوں نے کیے۔ رپورٹ میں دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق نسل پرست 'گوروں' کے حملوں میں 48 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں میں 26 افراد کی جانیں ضائع ہوئیں۔ نیو امریکہ فاﺅنڈیشن کے سینئر پروگرام ایسوسی ایٹ ڈیوڈ اسٹرمین نے امریکی نیوز ویب سائٹ ’واکس‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عام تاثر یہ ہے کہ امریکہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی دہشت گردوں کا ہاتھ ہوتا ہے، جس کی بڑی وجہ یہ ہے نائن الیون حملوں میں بیرونی دہشت گرد ملوث تھے لیکن اس کے بعد امریکی سرزمین پر رونما ہونے والے دہشت گرد واقعات کا مشاہدہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے اب تک دہشت گردی کے 330 واقعات میں سے 80 فیصد واقعات میں امریکی شہری ہی ملوث تھے۔ نیو امریکہ فاﺅنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ورلڈ ٹریڈ سینٹر حملوں کے بعد امریکہ میں دہشت گردی کے 26 خونریز واقعات پیش آئے، جن میں سے 7 میں اسلامی شدت پسند ملوث پائے گئے اور دیگر 19 واقعات میں دائیں بازو کے انتہا پسند ملوث تھے، جبکہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس میں بیرونی دہشت گرد ملوث پائے گئے ہوں۔