عامر خان بالی ووڈ میں واحد اداکار ہیں جو دلیپ کمار کے نقش قدم پر چل رہے ہیں:سائرہ بانو
ممبئی(آن لائن) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے کہا ہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں عامر خان وہ واحد اداکار ہیں جو دلیپ کمار کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھارتی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران کیا، سائرہ بانو سے جب اس حوالے سے سوال کیا گیا کہ بولی وڈ انڈسٹری میں کون سا اداکار دلیپ کمار کے نقش قدم پر چل رہا ہے تو سائرہ بانوکا عامر خان کا نام لیتے ہوئے کہنا تھا کہ سب ہی اداکار بہت اچھے اور باصلاحیت ہیں اور شاندار کام کر رہے ہیں، اب ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ دلیپ صاحب کی پیروی کون کر رہا ہے تو اس لحاظ سے سب سے قریب جس اداکار کو تصور کیا جاسکتا ہے، وہ عامر خان ہیں۔ دلیپ کمار کی اہلیہ سے جب عامر خان کے عدم برداشت پر دیئے گئے بیان کے حوالے سے اظہارِ خیال کرنے کو کہا گیا تو ان کا کہنا تھا،ہ وہ معاملہ ہے جس پر بات کرنا وہ پسند نہیں کرنا چاہتیں۔یاد رہے کہ عامر خان نے نئی دہلی میں ایک تقریب کے موقع پر کہا تھا کہ ان کی اہلیہ کرن راؤ نے بچوں کی حفاظت کے لیے انہیں ملک چھوڑنے کی تجویز دی جو ان کے لیے انتہائی تشویشناک لمحہ تھا۔اداکار کا کہنا تھا،اس ملک کا شہری ہونے کی حیثیت سے ہم اخبارات میں وہ سب کچھ پڑھتے ہیں جو ہندوستان میں ہورہا ہے، میں اس بات سے انکار نہیں کرسکتا، میں بہت سے واقعات کی وجہ سے تشویش زدہ ہوں،بالی وڈ فلم اسٹار عامر خان پر ہندوستان میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے بیان کے بعد شدید تنقید کی گئی، جبکہ ہندو تنظیم شیو سینا نے اعلان کیا تھا کہ جو بھی شخص بولی وڈ اداکار عامر خان کو تھپٹر مارے گا، اسے ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔