لاہور ،راولپنڈی ،فیصل آباداور ملتان کے ہسپتالوں کواپ گریڈ کیا جائیگا

لاہور ،راولپنڈی ،فیصل آباداور ملتان کے ہسپتالوں کواپ گریڈ کیا جائیگا

لا ہور (جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر جناح ہسپتال لاہور ، الائیڈہسپتال فیصل آباد، بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی اور چلڈرن ہسپتال ملتان کو ماڈل ہسپتال کے طو رپر ڈویلپ کیا جائے گا ۔ اس منصوبہ پر اربوں روپے لاگت آئے گی ۔ منصوبے کے تحت ہسپتالوں کی موجودہ عمارتوں ، انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانا ، سیوریج سسٹم ، الیکٹریکل او رپلمنگ کے نقائص کو دور کر نا اور ہسپتالوں کو ایک نئی لک دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ہسپتالوں کے طبی آلات و مشینری کو بھی اوورحال کیا جائے گا اور ضرورت کے مطابق نئے آلات بھی مہیا کئے جائیں گے ۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں چاروں ٹیچنگ ہسپتالوں کو ماڈل ہسپتال کے مطابق ترقی دینے کے سلسلہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، کنسلٹنٹ ڈاکٹر حق نواز بھروانہ ، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت ، چاروں ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ایجنسی پنجاب IDAP کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کی جینٹوریل سروسز،پلمبنگ ، لانڈری اور پرنٹنگ وغیرہ کا کام مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جائے۔انہوں نے چاروں ہسپتالوں کو ماڈل ہسپتال بنانے کے حوالے سے آرکیٹیکچرل ڈیزائننگ کی ضروریات ، جناح ہسپتال سے سیپیج دور کرنے ، بجلی کی وائرنگ ، واٹر سپلائی ، فلورنگ کی ضروریات اور اس پر اٹھنے والے اخراجات کے تخمینہ جات کے بارے جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1