بھارت نے ہماری خود مختاری تسلیم نہیں کی، اگر انڈیا نے جنگ مسلط کی تو پاکستان کی بجائے ہندوستان میں لڑی جائے گی: مولانا عبدا لغفور حیدری

02 دسمبر 2016 (00:09)

جعفرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل و ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدا لغفور حیدری نے کہا ہے کہ بھارت نے ہماری خود مختاری کو تسلیم نہیں کیا جس پر ان کے اور ہمارے درمیان کئی جنگیں ہو چکی ہیں،کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے جس کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدا لغفور حیدری کا کہنا تھا کہ اگر انڈیا نے جنگ مسلط کی تو یہ جنگ پاکستان کی بجائے ہندوستان میں لڑی جائے گی،بھارت نے غیر اخلاقی اور غیر سیاسی طریقے سے کشمیر کے ایک حصے کو اپنا مفتوحہ علاقہ سمجھ لیا ہے جو سرا سر اقوام متحدہ کے قرار داوں کی کی خلاف ورزی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ اقوام متحدہ بھی جانب داری کا کردار ادا کر رہی ہے اور اسی لئے یہ مسئلہ حل نہیں ہو رہا بلکہ آگے بڑھ رہا ہے بھارت سمجھتا ہے کہ چونکہ میں بڑا ملک ہوں اور میرے ساتھ افرادی قوت ہے تو پاکستان کو ڈرا دھمکا کر کشمیر کی خود مختیاری کی تحریک سے پاکستان کو دستبردار کرا سکوں جو اس کی خام خیالی ہے کشمیری عوام اپنے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور وہ حق بجانب ہیں جب تک ان کی حق آزادی کی جنگ چلتی رہے گی پاکستان اور پاکستان کے اندر تمام سیاسی جماعتیں ان کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے بوکھلا کر بلوچستان میں مداخلت کرر ہا ہے، جنرل راحیل شریف نے جمہوریت اور جمہوری اداروں کو تقویت بخشی ہے پاک چائنہ اقتصادی کوریڈور میں پاکستان تنہا نہیں ہے، پاکستان کے ساتھ بہت سے ممالک کھڑے ہیں، روس اور ایران نے درخواست دی ہے کہ وہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کا حصہ بننا چاہتے ہیں یہ بھارت کی بدقسمتی ہے کہ وہ عالمی دنیا میں تنہا ہو چکا ہے اور مسلسل تنہائی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

مزیدخبریں