مقبوضہ کشمیرکی حریت قیادت نے نیا احتجاجی کیلنڈر جاری کر دیا

مقبوضہ کشمیرکی حریت قیادت نے نیا احتجاجی کیلنڈر جاری کر دیا

سرینگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ،میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے آئندہ ہفتے کے لیے نیا احتجاجی کیلنڈر جاری کردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی کیلنڈ رمیں آج (جمعہ سے) 8 دسمبرتک کے لیے احتجاجی پروگرام جاری کیا گیا ہے جس کے تحت آج (جمعہ کو) تما م تحصیل ہیڈکوارٹر وں کی طر ف آزادی مارچ ہوگا۔نظربند کشمیریوں کے ساتھ قابض انتظامیہ کے انتقامی رویے کو اجاگر کیا جائے گااور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔نماز جمعہ کے بعد احتجاجی جلسے منعقد کئے جائیں گے۔3اور4دسمبر( ہفتہ اور اتوار کو) ہڑتال میں چھوٹ دی گئی ہے ۔5 دسمبر کو جموں وکشمیر کے تمام علاقوں سے لالچوک سرینگر کی طرف آزادی مارچ ہوگا۔ 6دسمبر کو خواتین اسمبلی ہو گی۔ 7دسمبر کوکپواڑہ سے قاضی آباد، بارہمولہ سے پیرن پلن، بانڈی پورہ سے اجس، بڈگام سے وترہ ہال ، گاندربل سے تلہ مولہ، سرینگر سے نوگام، پلوامہ سے مورن، شوپیان سے وچی، کولگام سے دمحال ہانجی پورہ اور اسلام آباد سے چھتر گل تک مارچ ہوگاجبکہ اس دن نماز ظہر کے بعد آزادی کے حق میں اجتماعات بھی ہونگے۔ 8 دسمبر کو دن گیارہ سے چار بجے تک علاقائی سطح پر مختلف گاؤں ملکر آزادی کنونشن منعقد کریں گے۔ہفتہ اور اتوار کے سوا تمام دن ہڑتال جاری رہے گی۔

جبکہ 7اور8دسمبر کو بھی چار بجے کے بعد ہڑتال میں چھوٹ ہوگی۔

مزید : عالمی منظر